وسیم اکرم کا سالگرہ کی مبارکباد دینے والوں کا شکریہ

سابق کپتان نے اپنے پیغام میں کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو بھی مد نظر رکھا اور ہیش ٹیگ ’گھر پر رہیں، محفوظ رہیں‘ کا استعمال بھی کیا

بدھ 3 جون 2020 23:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اپنی 54 ویں سالگرہ کے موقع پر تمام چاہنے والوں کی جانب سے بھیجے گئے سالگرہ کے پیغامات کا شکریہ ادا کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق باؤلر نے مداحوں کیلئے پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سال کاچوتھائی حصہ قرنطینہ میں گزارا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ازراہِ مذاق لکھا کہ اس حساب سے میرے خیال سے اس سال برتھ ڈے کو گننا ٹھیک نہیں ہوگا، تو میں نے مزید ایک سال اپنی عمر 53 سال رکھنے کا ہی فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو بھی مد نظر رکھا اور ہیش ٹیگ ’گھر پر رہیں، محفوظ رہیں‘ کا استعمال بھی کیا۔وسیم اکرم کے اس ٹوئٹ کے جواب میں اداکار ہمایوں سعید نے بھی انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔ میزبان و اداکار فخر عالم نے بھی اپنے ساتھ وسیم اکرم کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کیلئے سالگرہ کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔اس سے قبل وسیم اکرم کی اہلیہ نے بھی ایک سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے وسیم اکرم کو سالگرہ کی مبارکباد دی تھی۔