وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا نیدر لینڈ کے اپنے ہم منصب سے ٹیلیفونک

رابطہ،کورونا عالمی وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

بدھ 3 جون 2020 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو نیدر لینڈ کے اپنے ہم منصب سٹیف بلاک سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے بات چیت کے دوران کورونا عالمی وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے باعث نیدرلینڈ میں ہونیوالے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نیدرلینڈ اور یورپی یونین کی طرف سے رکن ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور معاشی استحکام کیلئے اٹھائے گئے بروقت اقدامات کی تعریف کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وبائی چیلنج کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کیلئے عالمی سطح پر ایک جامع، مربوط اور مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے اپنے ڈچ ہم منصب کو ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے عالمی سطح پر وزیر اعظم عمران خان کی ڈیٹ ریلیف کی تجویز کے خدوخال سے آگاہ کیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے 80 لاکھ نہتے باسی، بدترین بھارتی جبر کا سامنا کر رہے ہیں، بھارتی قابض افواج نے بے جا تشدد، ماورائے عدالت قتل، اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو معمول بنا رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف کرتے ہوئے ڈومیسائل قوانین میں ترمیم کے ذریعے بھارت سرکار، مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو بدلنے کی مذموم کوشش کر رہی ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو کورونا وبا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دیکر انہیں تضحیک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عالمی برادری اس بھارتی رویے کا فوری نوٹس لے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغان امن عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، مشترکہ ذمہ داری کے تحت، خلوص نیت کیساتھ افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کرتا چلا آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کے متمنی ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے بھی مفصل بات چیت ہوئی۔ وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو حالات معمول پر آنے کے بعد کورونا وبا کے باعث قبل ازیں موخر کیے گئے دورہ پاکستان کی یاد دہانی کرائی۔ ڈچ وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جلد دورہ پاکستان کرنے کا عندیہ دیا۔