اسٹیل ملز کے نوہزار ملازمین کو فارغ کرنا ظالمانہ اور غیردانشمندانہ اقدام ہے،چوہدری منظور احمد

تبدیلی سرکار کی نااہلی ، معاشی بدانتظامی اورمزدُور دشمن پالیسیوں کی وجہ سے مزدور و محنت کش پس کر رہ گیا پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کی پیپلز لیبر بیورو کے صدر نذر حسین شاہ، سجاد حسین ساجد اور دیگر عہدیداروں سے گفتگو

بدھ 3 جون 2020 23:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے سیکرٹری جنرل چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے پاکستان اسٹیل ملز کے نوہزار پانچ سو کارکنوںکو ملازمتوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ ظالمانہ اور غیردانشمندانہ ہے جس کی پاکستان پیپلز پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ایک کروڑ نوکریاں دینے کے سہانے خواب دکھا کر اقتدار میں آنے والی تبدیلی سرکار آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کی ایما پر پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر سے اب تک لاکھوں ملازمین کو بیروزگار کر چکی ہے حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کیخلاف ملک بھر کی ٹریڈ یونینز کو متحد ہونا ہوگا اس امر کا اظہار انہوں نے پیپلز لیبر بیورو کے صوبائی صدر سید نذر حسین شاہ، نائب صدر محمد اعجاز، ڈپٹی سیکرٹری راجہ پرویز اختر، سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد اور دیگر مزدور راہنمائوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی ، معاشی بدانتظامی ، مزدُور دشمن اقدامات اور آئی ایم ایف کے آگے گھٹنے ٹیکنے کی پالیسی کی وجہ سے مزدور و محنت کش طبقہ پس کر رہ گیا ہے اور اس کا کوئی پرسان حال نہیں وزیراعظم کی توجہ کا مرکز صرف صنعت کار اور سرمایہ دار طبقہ ہے مزدوروں، کسانوںاورمحنت کشوں کے نمائندگان سے آج تک مشاورت نہیں کی گئی مزدوروں کاصرف نام لیا جاتا ہے لیکن کسی مزدور کو ابھی تک ایک پیسہ کا ریلیف بھی نہیں دیا گیا۔

حکومت کی مزدوردشمن پالیسیوں سے محنت کش و تنخواہ دار طبقے کو متاثر ہونے سے بچانے اور بیروزگاری کے طوفان کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان بھر کی ٹریڈ یونینز، ایمپلائز ایسوسی ایشنیںاور مزدورتنظیمیںمتحد ہوکر مشترکہ لائحہ عمل بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اسٹیل مل کے مزدوروں سے وعدہ کیا تھا کہ ایک بھی مزدور برطرف نہیں ہوگا بلکہ اسٹیل مل میں مزید نوکریاں دی جائیں گی اب وہ دیگر وعدوں کی طرح ان وعدوں سے بھی مکر رہے ہیں اور آئی ایم ایف کی ایما پر اسٹیل ملز کے دروازے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے پی آئی اے اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن سمیت کئی اداروں میںٹریڈ یونینز کے تنظیم سازی کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں جو آئین پاکستان اورعالمی ادارہ محنت کے توثیق شدہ کنونشنوں کی صریح خلاف ورزی ہے ۔

پیپلز لیبر بیورو کے صوبائی صدر سید نذر حسین شاہ نے اسٹیل ملز کے تمام ملازمین کو فارغ کرنے کے حکومتی فیصلے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مزدور دشمن اقدامات سے صنعتی امن تہہ و بالا کر رہی ہے ملک میں بیروزگاری کا سیلاب روکنے اور تنخواہ دار ومحنت کش طبقے کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کیلئے بہت جلدتمام مزدور تنظیموں سے مل کر مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔