پیپلز پارٹی کاآل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان ،سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے گئے

حکومت کی مسلسل کنفیوز پالیسی نے عوام میں مایوسی پیدا کی ہے،تمام صوبوں میں اے پی سیز ہونگی‘ قمرزمان کائرہ

بدھ 3 جون 2020 23:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے۔پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت کرونا جیسے سنگین بحران پر رہنمائی دینے میں بری طرح ناکام رہی ہے ۔ حکومت کی مسلسل کنفیوز پالیسی نے عوام میں مایوسی پیدا کی ہے ۔

حکومت نے صوبوں کے ساتھ محاذ آرائی کرکے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا۔اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی سے چھیڑ چھاڑ کر کے نیا بحران پیدا کیاجا رہا ہے اوروفاق نے این ایف سی کے نوٹیفکیشن میں اس حوالے سے واضح اشارہ دیا ہے،سندھ حکومت پہلے ہی اس بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کرچکی ہے ۔انہوںنے کہا کہ حکمران کرونا کے بعد ٹڈی دل کی روک تھام میں بھی بری طرح ناکام رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یکطرفہ اور امتیازی احتساب سے مخالف سیاسی جماعتوں کو ختم کرنے کی سازش جاری ہے،پیپلزپارٹی نے اس بارے میں متفقہ لائحہ عمل کیلئے اے پی سی بلانے کا فیصلہ کیا ہے ،اس حوالے سے پنجاب کی سطح پر بہت جلد اے پی سی منعقد ہوگی،پیپلزپارٹی اس موضوع پر تمام صوبوں میں اے پی سیز منعقد کر ے گی ،پنجاب میں اے پی سی کے لئے تمام جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں،پیپلزپارٹی حکمرانوں کو صوبائی خودمختاری تباہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔