آن لائن کلاسز کیلئے انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی اور لیکچرز کے معیار کے ساتھ ساتھ امتحانات بارے درپیش مسائل کو حل کیا جائے گا،ایچ ای سی کی طلباء کو یقین دہانی

بدھ 3 جون 2020 23:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے طلباء کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آن لائن کلاسز کیلئے انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی اور لیکچرز کے معیار کے ساتھ ساتھ امتحانات بارے درپیش مسائل کو حل کیا جائے گا۔ بدھ کو طلباء نے اعلی تعلیم کے حصول میں درپیش مسائل کے حل کے لئے ایچ ای سی سیکرٹریٹ اسلام آباد کے سامنے مظاہرہ کیا۔

ایچ ای سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایچ ای سی کی جانب سے طلباء کو بتایا گیا ہے کہ ایچ ای سی طلباء کو درپیش اس طرح کے تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے وائس چانسلرز کے ساتھ رابطے میں ہے۔ تاہم انہیں واضح طور پر آگاہ کیا گیا کہ بغیر امتحان کے طلبہ کو پرموٹ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ان سرگرمی کا مقصد اپنے سمسٹر کو بچانا، تعلیمی تقویم میں رکاوٹوں سے بچنا اور سیکھنے کا عمل جاری رکھنے دینا ہے۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی نے امتحانات سے متعلق احتیاطی ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی کے مسائل کو پی ٹی اے اور ٹیلی کام شعبہ سے ملکر حل کیا جا رہا ہے۔ طلباء کی فیس وصول کرنے کے حوالہ سے تشویش پر ایچ ای سی نے طلباء سے کہا گیا تھا کہ وہ ایچ ای سی کو کسی خاص مسئلے کے بارے میں بتائیں جو متعلقہ یونیورسٹی کے سامنے اٹھائے جائیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عید سے قبل وائس چانسلرز سے ملاقات کے دوران، چیئرمین ایچ ای سی نے وائس چانسلرز سے کہا تھا کہ وہ نئے داخلے کے بارے میں فیصلے کرنے کے علاوہ، گریجویشن طلبہ کو درپیش مشکلات کو فوری بنیادوں پر حل کرنے کے لئے بھی اقدامات کریں۔ ایچ ای سی نے مقالہ دفاع کے بارے میں یونیورسٹیوں کے ساتھ اپنی رہنما خطوط بھی شیئر کئیں جس سے اسے آن لائن ہونے کی اجازت مل سکتی ہے۔