وزیرستان میں احساس کیش کی تقسیم کا آغاز ہوگیا، ثانیہ نشتر

انگلیوں کے نشانات کے مسائل والے مستحقین کو نادرا دفاتر سے نشانات کی تصدیق کی ضرورت نہیں ، بیان بیوی، خاوند حیات نہ ہوں تو سب سے بڑی غیر شادی شدہ بیٹی پیسے لینے کی اہل ہوگی، معاون خصوصی

جمعرات 4 جون 2020 00:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ جنوبی اور شمالی وزیرستان میں مستحقین میں احساس کیش کی تقسیم کا آغاز ہوگیا ہے، پہلی مرتبہ جنوبی، شمالی وزیرستان کے مستحقین میں احساس کیش کی تقسیم شروع کی گئی۔اپنے ایک بیان میں ثانیہ نشتر نے کہا کہ انگلیوں کے نشانات کے مسائل والے مستحقین کو نادرا دفاتر سے نشانات کی تصدیق کی ضرورت نہیں ہے، مستحقین بغیر تصدیق کروائے بینکوں کی نامزد برانچوں سے رقم وصول کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کو متعلقہ بینک برانچ کی تفصیلات دوبارہ ایس ایم ایس کی جائیں گی جبکہ شہری پیسوں کی وصولی کے لیے اپنا شناختی کارڈ اور موبائل ساتھ لے کے جائیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ مستحق افراد کی درخواستوں کا اسٹیٹس جاننے کے لیے جلد پورٹل لانچ کیا جائے گا جبکہ اگر کسی کے والدین، خاوند یا بیوی اہل ہیں مگر وفات پاچکے ہیں تو ان کے لواحقین اپیل دائر کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لواحقین یونین کونسل کے چیئرمین سے وفات کا سرٹیفکیٹ لیں، نادرا آفس جمع کرائیں اور نادرا آفس سے تصدیق شدہ رجسٹریشن بی آئی ایس پی کے تحصیل آفس جمع کروائیں۔ثانیہ نشتر نے کہا کہ بیوی، خاوند حیات نہ ہوں تو سب سے بڑی غیر شادی شدہ بیٹی پیسے لینے کی اہل ہوگی۔