Live Updates

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری پر کام مکمل کرلیا

کرونا سے متاثر ہونے والے شعبوں کو بجٹ میں خصوصی مراعات دی جائیں گی

جمعرات 4 جون 2020 00:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری پر کام مکمل کرلیا، ذرائع کے مطابق کرونا سے متاثر ہونے والے شعبوں کو بجٹ میں خصوصی مراعات دی جائیں گی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم رواں مالی سال سے دس فیصد زیادہ ہونے کا امکان ہے، حکومت کرونا کی وجہ سے متاثر ہونے والے شعبوں کے لیے خصوصی اقدامات کرے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت انتہائی مشکل حالات کے باوجود جلد اپنا دوسرا بجٹ پیش کرنے جارہی ہے،وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ کے مجموعی حجم میں دس فیصد اضافے کافیصلہ کیاہے۔ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے ساڑھے سات ہزار ارب سے زیادہ کا وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کا امکان ہے، رواں سال وفاقی بجٹ میں تین ہزار ارب روپے تک خساریکا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے جی ڈی پی خسارہ پانچ اعشاریہ آٹھ فیصد رکھے جانے کا امکان ہے، ترقیاتی بجٹ پانچ سو تیس ارب روپے تک مختص کیے جانے کی توقع ہے۔ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے جاری اخراجات کا تخمینہ چار سو پچانوے ارب روپے تک رکھے جانے کا امکان ہے، بجٹ میں تعمیراتی اور صنعتی شعبوں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ترقیاتی منصوبوں کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دوسوارب سیزیادہ مختص کیے جانے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے، آئندہ مالی سال کے لیے محصولات کاہدف ساڑھے چار ہزار ارب مقررکیے جانے کا بھی امکان ہے جبکہ جاری کھاتوں کے خسارے کاحجم ساڑھے چار ارب ڈالر تک رکھے جانے کا امکان ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات