عمران خان حکومت نے نااہلی اور نالائقی کی تمام حدود عبور کر لی ہیں ، سینیٹر مولا بخش چانڈیو

حکومت کورونا وائرس پر واضح پالیسی اور حکمت عملی دینے میں ناکام ہو گئی ہے،صرف حزب اختلاف کے خلاف انتقامی کاروائیوں پر تمام صلاحیتیں صرف کی جا رہی ہیں،ترجمان پیپلز پارٹی

جمعرات 4 جون 2020 00:17

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت نے نااہلی اور نالائقی کی تمام حدود عبور کر لی ہیں حکومت کورونا وائرس پر واضح پالیسی اور حکمت عملی دینے میں ناکام ہو گئی ہے،صرف حزب اختلاف کے خلاف انتقامی کاروائیوں پر تمام صلاحیتیں صرف کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پی پی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد گذشتہ روز سے قاسم آباد میں اپنے گھر کے قرنطینہ میں ہیں،انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کورونا پر پالیسی دینے کے بجائے اپوزیشن سے صرف سوال کر رہی ہے، کورونا پر بحث کے لئے پارلیمنٹ کا سیشن بلایا گیا مگر اس میں بھی کوئی پالیسی نہیں دی گئی ہر وزیر ایوان میں آکر حکومت سندھ اور اپوزیشن پر حملے کرتا رہا ، وزراء کی تقاریر سے لگتا تھا کہ جیسے اجلاس حکومت سندھ کے بارے میں طلب کئے گئے ہیں، مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جب چیئرمین بلاول اور وزیراعلی سندھ نے کورونا کے حوالے سے ہنگامی اقدامات کا تقاضا کیا تب وفاقی حکومت کے پائوں زمیں پر نہیں لگ رہے تھے،انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کورونا جیسی خطرناک وبا کو مذاق سمجھ رکھا تھا جو اب مصیبت اور بحران بن چکی ہے،اللہ نہ کرے جو جانی نقصان زیادہ بڑھے اگر نقصان بڑھ رہا ہے تو اس کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے،انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے نہ حکومت میں اہلیت ہے اور نہ سنجیدگی ہے، عمران خان کی قیادت میں یہ حکومت بحرانوں کو مزید سنگین کرنے کے کام پر لگی ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک عمران خان وزیراعظم ہیں بحران حل نہیں ہوں گے بلکہ بڑھیں گے،عمران خان حکومت نے ہر شعبہ تباہ کر دیا اب قومی یکجہتی کے درپہ ہیں، کورونا سے نمٹنے کے بجائے عمران خان مسلسل قوم کو تقسیم کرنے پر لگے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر ملک کو بحرانوں سے محفوظ کرنا ہے اور قومی یکجہتی برقرار رکھنی ہے تو عمران خان کو جانا ہوگا یہ جتنا عرصہ رہیں گے نقصانات بڑھتے جائیں گے۔