لاہور: اقبال ٹاؤن کی مون مارکیٹ میں افسوسناک واقعہ

امیر زادے کے جرمن شیفرڈ کُتے کا غبارے بیچنے والے 13 سالہ بچے پر حملہ، بچہ شدید زخمی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعرات 4 جون 2020 05:22

لاہور: اقبال ٹاؤن کی مون مارکیٹ میں افسوسناک واقعہ
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون 2020ء) لاہور اقبال ٹاؤن کی مون مارکیٹ میں افسوسناک واقعہ۔ امیر زادے کے جرمن شیفرڈ کُتے کا غبارے بیچنے والے 13 سالہ بچے پر حملہ، بچہ شدید زخمی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں افسوسناک واقع پیش آیا ہے جس میں ایک امیر زادے کے جرمن شیفرڈ کُتے نے 13 سالہ بچے پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کُتے کے شدید حملے کے بعد 13 سالہ بچہ خون میں لت پت زمین پر پڑا ہے اور اس کی حالت اتنی غیر ہے کہ وہ چل پھر بھی نہیں سکتا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق یہ واقع بدھ کے روز مون مارکیٹ کے قریب ایک پارک میں پیش آیا۔ کھلونے بیچنے والا 13 سالہ محمد اعظم پارک میں کھیل میں مصروف تھا جب ایک جرمن شیفرڈ اپنے مالک کے ساتھ وہاں پھر رہا تھا کہ اس نے بچے پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق کُتے کے مالک کی شناخت عمران رئیس کے نام سے ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جائے وقوعہ پر موجود لوگ سخت مایوسی کی حالت میں محمد اعظم کو کتے کے حملے سے بچا رہے ہیں۔

ویڈیو میں ایک شخص کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ "ان پر پرچہ کرواؤ"۔ 
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ بچے کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں پر مناسب علاج کے بعد اسے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جس پارک میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے وہ خواتین اور بچوں کے لیے مخصوص ہے۔ وائرل ویڈیو میں پارک میں لگا ایک بورڈ بھی دیکھا جا سکتا ہے جہاں پر لکھا ہے کہ یہ فیملی پارک ہے اور خواتین اور بچوں کے لیے مخصوص ہے۔