پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چین سے زیادہ ہو گئی

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے جو کہ پاکستان میں رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعرات 4 جون 2020 07:14

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چین سے زیادہ ہو گئی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون 2020ء) پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چین سے زیادہ ہو گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ پاکستان میں رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چین سے زیادہ ہو گئی ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں پہلی مرتبہ ایک ہی دن میں 4 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 84 ہزار 921 ہو گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کے بعد وائرس زدہ افراد کی کل تعداد کورونا کے ابتدائی مرکز چین سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق چین میں اس وقت کورونا کے متاثرین کی تعداد 83 ہزار 22 ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کا صرف ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی گنتی بھی 1700 سے زیادہ ہو چکی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ کورونا کے متاثرین صوبہ سندھ میں ہیں جن کی تعداد 32 ہزار 910 ہے جبکہ پنجاب میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 31 ہزار 104 ریکارڈ کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں 11 ہزار 373، بلوچستان میں 5 ہزار 224، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 ہزار 188، گلگت بلتستان میں 824، جبکہ آزار کشمیر میں 298 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو پاکستان میں وائرس سے متاثرین کی تعداد 84 ہزار 921 تک جا پہنچی ہے۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 1776 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 30 ہزار سے زائد افراد اس مہلک وائرس کو شکست دینے میں بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 64 لاکھ 35 ہزار 453 ہو گئی ہے جبکہ 3 لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔