سابق امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر امریکی عوام کو تقسیم کرنے اور اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرنے کے سنگین الزامات

جمعرات 4 جون 2020 10:25

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) سابق امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر امریکیعوام کو تقسیم کرنے اور اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرنے کے سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ اٹلانٹک نامی جریدے میں شائع ہونے والے اپنے بیان میں جیمز میٹس نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جان بوجھ کر امریکی عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کی اور وہ اپنے دور اقتدار میں قوم کو دانشن مندانہ قیادت فراہم کرنے میں ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ملک میں حالیہ افراتفری سے نمٹنے کے انداز سے بے حد خوفزدہ ہیں اور انہیں اس پر شدید ٖغم و غصہ ہے۔جیمز میٹس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ایسے امریکی صدر دیکھے ہیں جنہوں نے دکھاوے کے لئے بھی امریکی عوام کو متحد کرنے کی کوشش نہیںکی بلکہ وہ سوچے سمجھے اقدامات کے ذریعے انہیں تقسیم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم تین سال سے ان کے امریکی عوام کو جان بوجھ کر تقسیم کرنے کے اقدامات اور اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ جیمز میٹس نے کہا کہ پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام امریکی شہری کے قتل کے خلاف احتجاج کرنے والے زیادہ تر لوگ پر امن ہیں اور وہ امریکی اقدار کا تحفظ چاہتے ہیں لیکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی توجہ صرف ان تھوڑے سے لوگوں پر مرکوز کئے ہوئے ہیں جو احتجاج کے دوران تشدد کا راستہ اختیار کر رہے ہیں۔

جیمز میٹس نے احتجاجی مظاہروں کے شرکا کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ اس سے امریکی عوام میں اپنی فوج کے خلاف نفرت کے جذبات پیدا ہوں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق وزیر دفاع کے اس بیان کے جواب میں کہا ہے کہ جیمز میٹس کی شہرت بلا وجہ ہے اور انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ وہ اس وقت وزیر دفاع جیسا اہم عہدہ چھوڑ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ جیمز میٹس نے 2018ء میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے شام سے امریکی فوجیوں کے اچانک انخلا کے فیصلہ سے اختلاف کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا اور امریکی صدر کی خارجہ پالیس کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا، تاہم امریکی صدر نے ان کے تازہ ترین بیان کے جواب میں اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے جیمز میٹس کو وزیر دفاع کے عہدے سے ہٹایا تھا کیونکہ انہیں جیمز میٹس کا نام نہاد قائدانہ انداز اور دیگر اطوار پسند نہیں تھے۔