آسٹریا کا کورونا وائرس کی وجہ سے سرحدوں پر عائد سفری پابندیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ

جمعرات 4 جون 2020 12:00

آسٹریا کا کورونا وائرس کی وجہ سے سرحدوں پر عائد سفری پابندیوں کو ختم ..
ویانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) آسٹریا نے مہلک کورونا وائرس کی وجہ سے سرحدوں پر عائد سفری پابندیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سرکاری اعلان کے بعد اٹلی کے علاوہ تمام پڑوسی ممالک کے شہری آسٹریا کا سفر کرسکتے ہیں۔ جمعرات کو برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق آسٹریا کے وزیر خارجہ الیگزینڈر شیلن برگ نے کہا ہے کہ اب آسٹریا میں داخل ہونے کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی سے متعلق عائد پابندی کے فیصلے پربھی آئندہ ہفتے دوبارہ غور کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اٹلی کے ان علاقوں سے لوگوں کو آنے کی اجازت دینے سے متعلق غور کررہے ہیں جہاں اس وائرس کے متاثرین کی تعداد کم ہے۔ آسٹریا نے مارچ کے وسط میں اپنی سرحد بند کردی تھی۔

(جاری ہے)

آسٹریا میں اس وقت کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 16ہزار ہے۔ آسٹریا نے اٹلی کے علاوہ تمام ممالک کے ساتھ اپنی سرحدیں دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم سرحدوں پر سکریننگ ضرور کی جائے گی۔

دیگر سات ممالک کے شہری جن میں جرمنی سلووینیا، سلوواکیا، جمہوریہ چیک، سوئٹزرلینڈ، ہنگری اور لیچنسٹین شامل ہیں کو قرنطینہ میں نہیں رہنا پڑے گا۔ ملک کے وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ اٹلی کے لیے ہمیں ایسا اقدام اس لیے اٹھانا پڑا ہے کیونکہ وہاں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے اعداد و شمار سنگین تھے۔ انھوں نے کہا کہ یہ اقدام عارضی ہے۔

متعلقہ عنوان :