حکومت کا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ

پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، ہم سب کو ہر صورت ایس او پیز کر عمل کرنا ہو گا، معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 4 جون 2020 11:47

حکومت کا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-04جون2020ء)     حکومت نے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ٹویٹر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ حکومت نے ان تمام مارکیٹوں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جہاں ایس او پیز پر عمل نہیں کیا جا رہا۔

بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، ہم سب کو ہر صورت ایس او پیز کر عمل کرنا ہو گا۔
ٹویٹر پیغام کے بعد نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شہبازگل کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کر کے ہی کورونا کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر شہبازگل کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں کے علاوہ دیگر عوامی مقامات پر بھی ایس او پیز پر عمل کروانے کے حوالے سے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جس کے بعد آج بیشتر مارکیٹیں بند کر دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کی طرح پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان میں عید سے قبل لاک ڈاؤن کو ختم کر دیا گیا تھا جس کے بعد مریضوں کی ایک بڑی تعداد سامنے آ رہی ہے۔ اس حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا کیونکہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہی تھی اور مارکیٹوں میں لوگوں کا رش دیکھنے میں آرہا تھا۔ اس تمام صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اب حکومت نے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔