فیصل۱ٓباد میں جمعرات کی علی الصبح پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، 2 فرار، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوئوں سے ڈکیتی کی واردات کے دوران چھینا گیا موٹرسائیکل، لوٹی گئی نقدی،اسلحہ ،موبائلز ودیگر سامان برآمد

جمعرات 4 جون 2020 12:44

فیصل۱ٓباد میں جمعرات کی علی الصبح پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو زخمی حالت میں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) فیصل ۱ٓباد میںجمعرات کی علی الصبح پولیس مقابلہ کے دوران 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتارجبکہ 2 فرارہونے میںکامیاب ہوگئے نیز زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوئوں سے ڈکیتی کی واردات کے دوران چھینا گیا موٹرسائیکل ،لوٹی گئی نقدی،اسلحہ ،موبائلز ودیگر سامان برآمدکرلیا گیا ہے۔ سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے جمعرات کی صبح اے پی پی کو بتایاکہ پولیس تھانہ مدینہ ٹائون فیصل آباد کوریسکیو 15 کے ذریعے اطلاع ملی کہ بی بی جان روڈ پر 4 مسلح ڈاکو ایک شہری سے گن پوائنٹ پرموٹر سائیکل، نقدی ،موبائل ودیگر سامان لوٹ کر فرار ہورہے ہیں جس پر ایس ایچ او پولیس تھانہ مدینہ ٹائون اور انچارج پی پی 208 کی زیر نگرانی مختلف مقامات پر ناکہ بندی کردی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اس دوران پولیس نے دوموٹرسائیکلوں پر سوار 4مشکوک افراد کو ناکہ کی طرف آتے ہوئے رکنے کا اشارہ کیا جنہوں نے فرار ہونے کی کوشش کے دوران پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی جبکہ جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں2 ڈاکو عنصر ولد وارث اور ناصر علی ولد محمد حسین گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے چھینی گئی موٹر سائیکل، لوٹی گئی نقدی ،موبائلز ودیگر سامان برآمد کرلیاگیا تاہم ان کے 2ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

انہوں نے بتایاکہ گرفتار ڈاکوؤں کا کریمینل ریکارڈ مرتب کیاجارہا ہے جبکہ طبی امداد کی فراہمی کے بعد ان سے مزید تفتیش بھی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایاکہ ملزمان کے سنگین نوعیت کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی امکان ہے۔