چیئر مین سینٹ کی کل کے اجلاس کیلئے وزارت صحت اور عالمی ادارہ کے جاری کردہ ایس او پیز پرمکمل عملدرآمد کی ہدایت

انتظامات کے مطابق پارلیمان کا اجلاس باقاعدہ طور پر پاکستان ٹیلی ویژن کے ذریعے براہ راست نشر کیا جائے گا، میڈیا نمائندگان پی ٹی وی کی ٹرانسمشن سے استفادہ کریں ، صادق سنجرانی

جمعرات 4 جون 2020 14:10

چیئر مین سینٹ کی کل کے اجلاس کیلئے وزارت صحت اور عالمی ادارہ کے جاری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2020ء) کرونا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش ِنظر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے 5 جون سے شروع ہونے والے سینیٹ کے اجلاس کیلئے وزارت صحت اور عالمی ادارہ برائے صحت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پرمکمل عملدرآمد کی ہدایت کی ہے اور اجلاس کے انعقاد کیلئے موثر انتظامات کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔

ان انتظامات کے مطابق پارلیمان کا اجلاس باقاعدہ طور پر پاکستان ٹیلی ویژن کے ذریعے براہ راست نشر کیا جائے گا تاکہ میڈیا کے نمائندوں کو کوریج کیلئے متبادل ذریعہ فراہم کیاجا سکے۔میڈیا کے نمائندوں سے گزارش کی جائے گی کہ اجلاس کی کارروائی کیلئے پی ٹی وی کی ٹرانسمشن سے استفادہ کریں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ صورتحال انتہائی نازک ہے اور بعض مشکل فیصلے اٹھانے پڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم قطعاً اس حق میں نہیں ہیں کہ میڈیا اور عوام کی رسائی کے راستے میں روکاٹ بنیں یا ان کی رسائی بند کر دی جائے کیونکہ میڈیا، پارلیمان، سول سوسائٹی اور عوام کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے تاہم کرونا وائرس کے باعث غیر معمولی حالات پیدا ہوئے ہیں جس کی وجہ سے غیر معمولی فیصلے کرنے پڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے اٴْمید ہے کہ میڈیا اور عوام اس سلسلے میں بھر پور تعاون کو مظاہرہ کریں گے تاکہ ہم ایک دوسرے کو تحفظ فراہم کر سکیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ہر جگہ پر ایس او پیز پر عملدرآمد کریں اور کرونا سے نجات حاصل کرنے میں حکومت کی مدد کریں۔