مردان، ن لیگی رہنماجمشید خان مہمند میں کورونا وائرس کی تصدیق

علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کروایا، ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آگئی ہے، رکن خیبرپختونخوااسمبلی

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 4 جون 2020 14:08

مردان، ن لیگی رہنماجمشید خان مہمند میں کورونا وائرس کی تصدیق
مردان (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-04جون2020 ء) مردان سے تعلق رکھنے والے ن لیگی رہنماجمشید خان مہمند میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ اس حوالے سے پیغام جاری کرتے ہوئے رکن خیبرپختونخوااسمبلی کا کہنا تھا کہ علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کروایا، ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آگئی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل آج ہی ایک اور سیاسی شخصیت میں بھی کورونا کی تصدیق ہو گئی ہے۔

ن لیگی رہنماجمشید خان مہمند سے قبل بھی انہی کے پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی میاں نوید علی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے خود اس بات کی تصدیق کی ہے۔ نجی ٹی وی چینل میں ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دنوں سے طبیعت خراب تھی جس کے بعد ٹیسٹ کروایا، رپورٹ مثبت آنے کے بعد میں نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے، اب طبیعت بہتر ہے ۔

(جاری ہے)

کوروناو ائرس نے پاکستان میں عام شہریوں کے علاوہ اب سیاسی رہنماؤں کو بھی کورونا سے متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثرہ ہونے والے سیاستدانوں میں سے بیشر صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ جمعیت علما اسلام کے رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق گورنر سید فضل آغا کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ اس کے علاوہ متاثرہونے والوں میں سعید غنی سب سے پہلے سیاستدان ہیں جو کورونا سے متاثر ہوئے تھے، ان کے بعد گورنر سندھ جیسے شخصیات بھی کورونا کا شکار ہو چکی ہیں۔

تمام سیاسی شخصیات نے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد وہ تمام صحت یاب ہوتے جا رہے ہیں۔ سیاسی شخصیات کی جانب سے عوام کو اپنی مثال کے ذریعے پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ بھی ان احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے اس مہلک وائرس سے بچ سکتے ہیں۔ پاکستان میں اگر کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو اموات کی مجموعی تعداد 1729 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 83292 تک پہنچ گئی ہے۔