کیا امارات میں اس ہفتے مساجد اور دیگر عبادت گاہیں کھول دی جائیں گی؟

سوشل میڈیا پر عبادت گاہیں جلد کھولے جانے کی خبروں کے بعد مساجد میں صفائیاں اور تیاریاں شروع کر دی گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 4 جون 2020 14:12

کیا امارات میں اس ہفتے مساجد اور دیگر عبادت گاہیں کھول دی جائیں گی؟
دُبئی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 جون 2020ء) متحدہ عرب امارات میں گزشتہ کئی مہینوں سے کورونا وبا کی وائرس کے باعث مساجد اور دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں داخلے اور عبادت پر پابندی ہے۔ تمام مذاہب کے لوگ اپنی عبادت گاہوں کے کُھلنے کے شدت سے منتظر ہیں۔گلف نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر ایسی خبریں سامنے آ رہے ہیں جن میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اسی ہفتے کے دوران حکومت کی جانب سے تمام عبادت گاہیں کھولنے کا اعلان کر دیا جائے گا۔

ان خبروں کے بعد امارات کی متعدد مساجد میں بھی انتظامیہ کی جانب سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور صفائی ستھرائی کا خاص اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔ مساجد کو سینی ٹائز کرنے کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔ لوگ جاننے کے منتظر ہیں کہ کیا یہ واقعی اس ہفتے مساجد کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ عبادت کے لیے کھول دیا جائے گا یا یہ محض افواہ ہے۔

(جاری ہے)

ابھی تک امارات کی وفاقی حکومت یا کسی ایک بھی ریاست کی انتظامیہ کی جانب سے ایسا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔

صرف سوشل میڈیا پر غیر سرکاری ذرائع سے ہی مساجد کھولنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ امارات میں مارچ کے وسط سے کورونا کیسز میں تیزی آنے کے بعد تمام مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کو غیر معینہ مُدت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ تاکہ اجتماعات کے باعث کورونا کے مریضوں کی گنتی میں اضافے کو روکا جا سکے۔ گلف نیوزکی جانب سے ابو ظبی اور شارجہ کے اسلامی امور کے سرکاری اداروں سے رابطہ کیا گیا تو ان کی جانب سے کہا گیا کہ سرکاری طور پر مساجد کی انتظامیہ کو ابھی مساجد کھولنے کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی اور نہ ہی عبادت گاہوں میں کورونا سے احتیاط سے متعلق کوئی گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں، جیسی کہ سوشل میڈیا پر دکھائی جا رہی ہیں۔

دُبئی میں بھی متعلقہ حکام نے بتایا کہ ابھی تک میڈیا یا عوام کو مساجد کھولنے کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں بھیجی جائیں۔تاہم سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ایسی تصاویر پوسٹ کی جا رہی ہیں جن میں دُبئی کے ادارہ اسلامی امور کی جانب سے کچھ مساجد پر نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلہ رکھنے سے متعلق ہدایات پر مبنی پوسٹر دکھائے گئے ہیں۔