ترکی میں پاک بحریہ کے لیے بنائے جانے والے پہلے میلجم کلاس کارویٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب

ترکی میں پاک بحریہ کے لیے بنائے جانے والے پہلے میلجم کلاس کارویٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب استنبول کے نیول شپ یارڈ میں منعقد کی گئی۔ چیف نیول اوور سیز (ترکی)کموڈور سید رضوان خالد تقریب کے مہمان خصوصی تھے

جمعرات 4 جون 2020 14:18

ترکی میں پاک بحریہ کے لیے بنائے جانے والے پہلے میلجم کلاس کارویٹ کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون2020ء) ترکی میں پاک بحریہ کے لیے بنائے جانے والے پہلے میلجم کلاس کارویٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب استنبول کے نیول شپ یارڈ میں منعقد کی گئی۔ چیف نیول اوور سیز (ترکی)کموڈور سید رضوان خالد تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
چار میلجم کلاس بحری جہازوں کی خریداری کا معاہدہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کی شرط کے تحت (ترکی کی سرکاری دفاعی کمپنی) ASFAT کے ساتھ کیا گیا تھا۔

معاہدے کے تحت دو جہاز ترکی میں جب کہ دو کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینیئرنگ ورکس میں تیار کیے جائیں گے۔ بحری جہازوں کی پاکستان میں تیاری نہ صرف مقامی جہاز سازی کی صنعت کو فروغ دے گی بلکہ اس سے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینیئرنگ ورکس کی صلاحیتوں اور استعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)


میلجم کلاس کارویٹس جدید ترین بحری جہاز ہیں جو سطح پر، سطح کے نیچے اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں، سینسرز اور حربی صلاحیت سے لیس ہیں۔

یہ جہاز پاک بحریہ کے جدید ٹیکنالوجی کے حامل جہازوں میں سے ہوں گے اور بحیرہ ہند میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے اس منصوبے کو پاکستان اور ترکی کے مضبوط تعلقات کا مظہر قرار دیا۔ انھوں نے تعمیر اور کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیار پر میلجم منصوبے کو سراہا۔ مہمان خصوصی نے کووڈ 19 کی وبا کے عالمی بحران کے باجود منصوبے کو بروقت شروع کرنے پر ترکی کی دفاعی کمپنی اور استنبول نیول شپ یارڈ کی سخت محنت اور کوششوں کی بھی تعریف کی۔
تقریب میں پاک بحریہ کے دیگر عہدے داروں، پاکستانی حکام،ASFAT کے نمائندے، استنبول نیول شپ یارڈ اور ترک لوئڈ کے نمائندوں نے شرکت کی۔