غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کے بعد خطے میں نئی جنگ چھڑنے کا انتباہ

اسرائیلی ریاست کے قبضے کی منصوبہ بندی کا مقابلہ فلسطینی قوم کی صفوں میں یکجہتی کے ذریعے کیا جاسکتا ہے،حماس

جمعرات 4 جون 2020 15:18

دوحا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2020ء) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے بیرون ملک امور کے سربراہ ڈاکٹر ماھر صلاح نے کہا ہے کہ غرب اردن پراسرائیلی ریاست کی خود مختاری فلسطینی قومی پروگرام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ غرب اردن پر اسرائیلی ریاست کے غاصبانہ قبضے کو عملی شکل دینے سے خطے میں تشدد کی ایک نئی آگ بھڑک اٹھے گی۔

(جاری ہے)

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نما نے کہا کہ غرب اردن پراسرائیلی ریاست کے قبضے کی منصوبہ بندی کا مقابلہ فلسطینی قوم کی صفوں میں یکجہتی کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غرب اردن کا علاقہ فلسطین کا اٹوٹ انگ ہے۔ اسرائیل امریکا کی طرف سے پیش کردہ نام نہاد امن منصوبے سنچری ڈیل کو آگے بڑھاتے ہوئے غرب اردن کے تیس فی صد علاقے پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی انتظامیہ صہیونیوں کے لیے ماضی کی نسبت زیادہ اسرائیل نوازی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ فلسطینی علاقوں بالخصوص غرب اردن پر اسرائیلی ریاست کے الحاق کا منصوبہ فلسطین، انسانوں، مقدسات، تاریخ اور انسانی حقوق کا معاملہ ہے۔