اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک فلسطینی طویل علالت کے بعد شہید

جمعرات 4 جون 2020 16:31

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اگست 2018ء کو اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک فلسطینی طویل علالت اور زندگی موت کی کشکش کے بعد شہید ہوگیا۔

(جاری ہے)

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق 43 سالہ رامی سعد الغلبان کو اسرائیلی فوجیوں نے 3 اگست 2018ء کو غزہ میں ہونے والے حق واپسی مظاہرے میں شرکت کے دوران گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا تھا۔ اسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دو سال تک مسلسل زیر علاج رہا۔واضح رہے کہ 30 مارچ 2018ء کو غزہ میں حق واپسی احتجاجی تحریک شروع ہوئی تھی جو دسمبر 2019ء کو اختتام پذیر ہوگئی تھی۔ ان مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین سو سے زائد فلسطینی شہید اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوگئے تھے۔