ٹائیگر فورس سے ٹدی دل کے خاتمے کے لئے بھی خدمات لینے کا فیصلہ

وزیر اعظم نے ٹائیگر فورس سے مزید محاذوں پر قومی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا، وزیر اعظم عمران خان جلد رضا کار فورس کے نوجوانوں سے اہم خطاب کریں گے

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 4 جون 2020 16:15

ٹائیگر فورس سے ٹدی دل کے خاتمے کے لئے بھی خدمات لینے کا فیصلہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-04جون2020ء) ٹائیگر فورس سے ٹدی دل کے خاتمے کے لئے بھی خدمات لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے نوجوانان عثمان ڈار نے عمران خان سے ملاقات کی ہے جس میں وزیراعظم کو احساس پروگرام اور ٹائیگر فورس کے کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے۔ اس ملاقات میں ہی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹائیگر فورس کو اب کورونا کے علاوہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے بھی استعمال کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اس بارے میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوان رضا کار مستقبل میں بھی قومی معاملات میں معاونت کریں گے۔ نوجوانوں کو قومی سطح پر خدمات کا بھرپور موقع دیا جائے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے وزیر اعظم نے ٹائیگر فورس سے مزید محاذوں پر قومی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا، وزیر اعظم عمران خان جلد رضا کار فورس کے نوجوانوں سے اہم خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

اس خطاب میں وزیراعظم عمران خان ٹائیگر فورس کے نوجوانوں کو آئندہ کے کاموں کے بارے میں بتائیں گے۔ یاد رہے کہ کورونا کے ابتدائی دنوں میں وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کی بنیاد رکھی تھی جس کا مقصد کورونا کے مشکل وقت میں ریلیف کے کاموں میں شرکت کرنا تھا۔ تا ہم بعد میں بے شمار لوگوں نے اس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ ایک لاکھ 65 ہزار رضا کاروں نے دی گئی ذمہ داریوں کو سر انجام دیا اور پنجاب سے ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد نوجوانوں نے سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

بات کرتے ہوئے ان کی جانب سے مزید بتایا گیا تھا کہ عمران خان کے اعلان کے بعد خیبرپختونخوا سے بھی 23 ہزار نوجوانوں نے اس مہم میں شمولیت اختیار کی تھی۔ تا ہم اب اس فورس سے کورونا کے علاوہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے بھی کام کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔