ایمریٹس ایئر لائنز نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے امارات کے لیے پروازوں کا اعلان کر دیا

8 جون 2020ء سے ایمریٹس کی جانب سے پاکستانی مسافروں کو امارات واپس لانے کے لیے پروازیں شروع کی جا رہی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 4 جون 2020 16:33

ایمریٹس ایئر لائنز نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے امارات کے لیے ..
کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 جون 2020ء) کورونا کے باعث متحدہ عرب امارات کی جانب سے فضائی پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں جس کے باعث وہ پاکستانی ویزہ ہولڈر جو پاکستان میں موجود تھے، ان کی واپسی نہ ہو سکی تھی، تاہم اب ایمریٹس کی جانب سے دُنیا بھرکے شہروں کے لیے پروازوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، جن میں لاہور، کراچی اور اسلام آباد بھی شامل ہیں۔

ایمریٹس ایئر لائنز کے مطابق 8 جون سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے ایمریٹس کی پروازیں متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں کے لیے شروع ہو جائیں گی۔ گلف نیوز کی جانب سے بتایاگیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ٹرانزٹ مسافروں پر سے بھی پابندی ہٹا لی ہے۔ ایمریٹس کی جانب سے 15 جون سے 16 شہروں کے مسافروں کو پرواز کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم کچھ ممالک کے لیے پروازوں پر پابندی بدستور عائد ہے۔ ایمریٹس کی جانب سے بحرین، مانچسٹر، زیورخ، ویانا، ایمسٹرڈم، کوپن ہیگن، ڈبلن، نیویارک، سیول، کوالالمپور، سنگاپور، جکارتہ، تائیوان، ہانگ کانگ، پرتھ اور برسبین کے لیے پروازیں شروع کی جا رہی ہیں۔ جبکہ 11 جون سے دُبئی سے 29 شہروں کو پروازیں روانہ ہوں گی اور وہاں سے مسافروں کو بھی واپس لائیں گی، جن میں لندن، فرینکفرٹ، پیرس، میلان، میڈرڈ، شکاگو، ٹورنٹو، سڈنی، میلبورن اور منیلا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے اپنے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈے محدود پروازوں کے لیے کھولنے کااعلان کیا ہے۔ان ہوائی اڈوں پر ٹرانزٹ پروازوں ، تارکین وطن کی واپسی یا اماراتی شہریوں اور مکینوں کو لانے والی پروازوں کو اترنے یا وہاں سے روانہ ہونے کی اجازت ہوگی۔العربیہ نیوز کے مطابق یو اے ای کی قومی اتھارٹی برائے ایمرجنسی ، کرائسس اور ڈیزاسسٹر کے ترجمان ڈاکٹر سیف الظاہری نے کرونا وائرس سے متعلق ایک پریس بریفنگ کے دوران میں یہ اعلان کیا ہے۔

البتہ انھوں نے وضاحت کی ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مسافر پروازوں کی معطلی کا فیصلہ اب بھی موٴثر العمل ہے۔انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے اپنے آبائی ممالک کو لوٹنے کے خواہاں تارکین وطن یا سیاحوں کے لیے عارضی طور پر محدود پروازوں کو چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔جن فضائی کمپنیوں کو پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے، ان میں امارات ائیر لائن ، اتحاد ، فلائی دبئی اور ائیر عربیہ شامل ہیں۔

وہ جمعرات چار جون کو اپنی پروازوں کے اوقات کا اعلان کریں گی۔امارات ائیر لائن (ایمریطس) کے چئیرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) شیخ احمد بن سعید آل مکتوم نے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ” ہم اماراتی حکام کے یو اے ای کے ہوائی اڈے کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔امارات اور فلائی دبئی بہت جلد دبئی سے دوسرے شہروں کے لیے اپنی مسافر پروازوں کی بحالی کا اعلان کرنے والی ہیں۔