متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 659نئے کیسز سامنے آگئے

وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 37ہزار18ہوگئی، مزید 419 مریض صحتیاب بھی ہوگئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 4 جون 2020 17:16

متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 659نئے کیسز سامنے آگئے
ابوظہبی (اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-04جون2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کے659نئے کیسز سامنے آگئے، مزید 3مریض جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 659نئے کورونا مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افارد کی مجموعی تعداد 37ہزار18ہوگئی ہے جبکہ مزید مریضوں کے جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 270 سے بڑھ گئی ہے۔

جبکہ مزید 419مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعدتندرست ہونے والے افراد کی کل گنتی 19ہزار572ہوگئی ہے۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے اپنے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈے محدود پروازوں کے لیے کھولنے کااعلان کیا ہے۔ان ہوائی اڈوں پر ٹرانزٹ پروازوں ، تارکین وطن کی واپسی یا اماراتی شہریوں اور مکینوں کو لانے والی پروازوں کو اترنے یا وہاں سے روانہ ہونے کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

العربیہ نیوز کے مطابق یو اے ای کی قومی اتھارٹی برائے ایمرجنسی ، کرائسس اور ڈیزاسسٹر کے ترجمان ڈاکٹر سیف الظاہری نے کرونا وائرس سے متعلق ایک پریس بریفنگ کے دوران میں یہ اعلان کیا ہے۔ البتہ انھوں نے وضاحت کی ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مسافر پروازوں کی معطلی کا فیصلہ اب بھی موٴثر العمل ہے۔انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے اپنے آبائی ممالک کو لوٹنے کے خواہاں تارکین وطن یا سیاحوں کے لیے عارضی طور پر محدود پروازوں کو چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔

جن فضائی کمپنیوں کو پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے، ان میں امارات ائیر لائن ، اتحاد ، فلائی دبئی اور ائیر عربیہ شامل ہیں۔اس سے قبل عید الفطر کے بعد گزشتہ ہفتے لاک ڈاون پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے نجی اور سرکاری شعبوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ گزشتہ ہفتے کے فیصلے کے مطابق سرکاری اور نجی شعبوں کو ابتدائی طور پر 50 فیصد صلاحیت کیساتھ کاروبار اور دفاتر کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔ سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد سے زائد ملازمین کی حاضری کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ تاہم اب دبئی کے شاپنگ مالز اور دیگر نجی شعبہ کو اجازت دے دی گئی ہے کہ وہ مکمل صلاحیت کیساتھ کام کر سکتے ہیں۔ نجی شعبہ کے تمام ملازمین کو کل سے کام کرنے کی اجازت ہوگی۔