عوام کو ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے کورونا وائرس کے ساتھ جینے کا ڈھنگ سیکھنا ہو گا، ڈپٹی کمشنر کی وکلاء وفد سے ملاقات

جمعرات 4 جون 2020 17:30

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہاہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے ماتحت عدالتوں کو اوپن کرنے کافیصلہ خوش آئند ہے۔اس فیصلے سے عوام کو انصاف کی جلد فراہمی ممکن ہو سکے گی۔عدالتوں کی بندش کی وجہ سے وکلاء برادری اور ان کے سٹاف کو بھی معاشی مسائل کا سامنا تھا۔ جمعرات کے روز عامر خٹک سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے سرکٹ ہائوس میں ملاقات کی۔

ڈسٹرکٹ بار کے سیکرٹری جنرل غلام نبی طاہر کی قیادت میں ملنے والے وفد میں حسن محمود خان اور ارسلان منیر جوئیہ شامل تھے۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عامرخٹک نے کہا کہ عوام کو ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے کورونا وائرس کے ساتھ جینے کا ڈھنگ سیکھنا ہو گا۔ضلع کچہری کو روزانہ ہزاروں افراد وزٹ کرتے ہیں،کچہری میں داخلی دروازے پر نصب ڈس انفیکشن ٹنل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ضلع کچہری کی تمام عدالتوں ،چیمبرز،دفاتر اور سڑکوں کی ڈس انفکشن کی جائے گی۔عامر خٹک نے کہا کہ ضلع کچہری میں سیوریج منصوبے سے متاثر ہونے والی سڑکوں کی تعمیر اتوار سے شروع کر دی جائے گی۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈسٹرکٹ کورٹس کی خصوصی صفائی کرے گی۔عامر خٹک نے ایم ڈی واسا کو کچہری کی تمام متاثرہ سڑکوں کی لیولینگ کی ہدایت بھی کردی ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے وفد نے ضلع کچہری کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی لینے پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔