فیصل آباد میں مختلف واقعات میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے

جمعرات 4 جون 2020 18:00

فیصل آباد 04 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) مختلف واقعات میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق 12 سالہ بچے نے والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔ 104 ج ب کا رہائشی 12 سالہ وقار نے والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔کمسن وقار نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں، اسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جان کی بازی ہار گیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء تیز رفتار کار کی ٹکر سے 6 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق تین سمندری فیصل آباد روڈ پر پلیاں سٹاپ کے قریب تیز رفتار کار نے سٹرک کنارے کھڑے 6 سالہ بچے معصوم احمد کو ٹکر مار دی۔ حادثہ میں احمد شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔متوفی چک نمبر 39 گ ب ستیانہ بنگلہ کا رہائشی تھا۔ حادثہ کے بعد کار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا۔