ایمریٹس نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا

ایمریٹس نے 8 جون 2020 سے دبئی کیلئے ہفتہ وار 14 شیڈول پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں کراچی سے یومیہ ایک پرواز، لاہور سے پانچ اور اسلام آباد سے دو پروازیں شامل ہیں

جمعرات 4 جون 2020 19:14

ایمریٹس نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون2020ء) ایمریٹس نے 8 جون 2020 سے دبئی کیلئے ہفتہ وار 14 شیڈول پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں کراچی سے یومیہ ایک پرواز، لاہور سے پانچ اور اسلام آباد سے دو پروازیں شامل ہیں۔
ایمریٹس پاکستان سے پرواز میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے ساتھ کارگو بھی دبئی لیکر جائے گی۔ دبئی سے پاکستان آنے والی پروازوں پر ایئرلائن کی جانب سے صرف کارگو کو لایا جائے گا۔

ایمریٹس اپنے جدید بوئنگ 300-777 ای آر جہازوں کے ساتھ سفر کی سہولت پیش کرے گا جس میں کراچی سے روزانہ ایک پرواز ، اسلام آباد سے ہر جمعرات اور ہفتے جبکہ لاہور سے پیر، منگل، جمعرات، جمعہ اور اتوار کو پروازیں روانہ ہوں گی ۔
ان پروازوں میں صرف انہی مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی جو متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے نافذ کئے داخلے اور اہلیت کے قوانین پر پورے اترتے ہوں ۔

(جاری ہے)


ایمریٹس کے وائس پریذیڈنٹ پاکستان، محمد سرحان نے کہا، "ہم پاکستان سے دبئی کے لئے مسافروں کی شیڈول پروازوں کے آغاز پر خوش ہیں جس سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں موجود متحدہ عرب امارات کے پاکستانی صارفین اپنے دفاتر، کاروبار اور فیملیزکے پاس واپس جا سکیں گے۔ ہم پشاور اور سیالکوٹ سے بھی آپریشنز کے آغاز کے لئے پاکستانی حکومت کے ساتھ بھرپور انداز سے کام کررہے ہیں۔

ہم نے متعلقہ حکام کے تعاون کے ساتھ ایئرپورٹ پر حفظان صحت اور حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا ہے۔ اپنے صارفین، ملازمین اور کمیونٹی کی حفاظت و دیکھ بھال بدستور ہماری اولین ترجیح ہے۔ "
دبئی کیلئے شیڈولڈ پروازوں کی شروعات کے ساتھ ایمریٹس بھرپور انداز سے حکومت پاکستان کے ساتھ کام کررہا ہے تاکہ وطن واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے۔

رواں ہفتے، ایئرلائن نے متحدہ عرب امارات میں محصور پاکستانی شہریوں کو لانے کے لئے دبئی سے کراچی اور اسلام آباد کے لئے دو خصوصی پروازیں چلائیں ۔ ایئرلائن کے کارگو ڈیویژن ایمریٹس اسکائی کارگو نے ان خصوصی پروازوں میں ضروری سامان پہنچایا جن میں بنیادی ادویات، جلد خراب ہونے والی اشیاء ، کپڑا اور کورئیر شپنٹس شامل ہیں۔
صحت اور حفاظت کی وجہ سے ان پروازوں پر فراہم کی جانے والی سروسز میں حکومت کے احکامات کے مطابق تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایمریٹس کے تمام جہازوں کی ہر سفر کے بعد دبئی میں خصوصی طور صفائی کی جاتی ہے اور جراثیم کش اجزاء کا بھی باقاعدگی سے استعمال کیا جاتا ہے۔