محکمہ موسمیات نے مون سون میں معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی کردی

رواں سال ملک میں معمول سے دس فی صد زائد بارشیں ہوں گی، آزاد کشمیر اور صوبہ سندھ میں 20 فی صد زائد بارشیں ہونے کا امکان

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 4 جون 2020 20:20

محکمہ موسمیات نے مون سون میں معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی کردی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 جون2020ء) محکمہ موسمیات نے مون سون میں معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال ملک میں معمول سے دس فی صد زائد بارشیں ہوں گی۔ موسمیاتی صورتحال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اس برس آزاد کشمیر اور صوبہ سندھ میں 20 فی صد زائد بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کے موسم کے دوران مشرقی دریاؤں میں سیلاب آسکتا ہے، اس کے علاوہ بڑے شہروں میں بھی سیلابی کیفیت پیدا ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔

علاوہ ازیں پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں فلش فلڈنگ کے امکانات کی بھی نشان دہی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون کے دوران چاول کی فصل اچھی ہونے کی پیشگوئی کی ہے تاہ جبکہ کپاس کی فصل پر برا اثر پڑنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ مون سون کے دوران آب پاشی و توانائی کے لئے کافی پانی میسر آئے گی۔

تاہم یہ موسم ٹڈی دَل کے لیے بھی ساز گار ثابت ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے حالیہ صورتحال کے بارے میں بتایا ہے کہ کل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیراورگلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام /رات وسطی اور جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان ،کشمیراورگلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

اس دوران سندھ کے اضلاع میں بھی بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے اضلاع میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔