ضلعی انتظامیہ کا پشاور بھر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گرینڈ کریک ڈائون۔385 گرفتار۔ بیشتر مارکیٹیں و میگاسٹوروں سمیت دیگر دکانیں سیل۔

جمعرات 4 جون 2020 20:25

+پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2020ء) ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے اسسٹنٹ کمشنر نعمان علی شاہ کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ اور رنگ روڈ پر مختلف بازاروں اور میگا مالز سمیت دیگر دکانوں کا معائنہ کیا۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سینکڑوں شہریوں و دکانداروں کو جرمانہ کر دیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے یونیورسٹی روڈ پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمر فارمیسی،نائیک سٹور اور ایز الیکٹرانکس کو سیل کر دیا اور رنگ روڈ پر چین ون اور میکرو میگا مارٹ کو بھی سیل کر دیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان نے اسسٹنٹ کمشنر اصلاح الدین اور اسسٹنٹ سیکریٹری پی ٹی اے جاوید اختر کے ہمراہ موٹر وے ٹول پلازہ اور جی ٹی روڈ پر مختلف گاڑیوں اور اڈہ سروس کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

موٹر وے پر سینکڑوں گاڑیوں کے مالکان کو سیفٹی ماسک نہ پہننے پر موقع پر جرمانہ کیا گیا اور جی ٹی روڈ پر مدینہ ایکسپریس، بلال ڈائیوو، فیصل موورکو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمان نے قصہ خوانی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر افغان مارکیٹ اور باباجی مارکیٹ کو سیل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر رضوانہ ڈار نے پشتخرہ روڈ اور کوہاٹ روڈ ، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق نے چارسدہ روڈ پر مختلف فلنگ سٹیشن اور بازاروں کا معائنہ کیا جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے علاقو ں میں بازاروں اور فلنگ سٹیشنوں کا معائنہ کیا۔

کاروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 385 افراد کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔ ان میںضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے 18فلنگ سٹیشنوں کے منیجرز بھی شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغرنے عوام کو ہدایت کی ہے کہ گھروں سے باہر نکلتے وقت سیٖفٹی ماسک کا استعمال ضرور کریںاور حکومتی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کریں بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ۔