wحکومت روز اول سے ناکامی کا شکار ہے،قومی وطن پارٹی پختونخوا

جمعرات 4 جون 2020 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2020ء) قومی وطن پارٹی پختونخوا کے چیئر مین اورسابق صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیر پائو نے کہا ہے کہ حکومت روز اول سے ناکامی کا شکار ہے اور عوامی مسائل اور مشکلات میں غیر سنجید گی کا اظہار کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وباء کے خلاف بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور نفسیاتی طور پر کورونا کے خلاف جنگ ہار چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی پالیسیاں تبدیل نہیں ہوئی تو کورونا سے اموات میں مزید اضافہ پیدا ہونے کا اندیشہ پیدا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آٹے کے بحران پر جلد از جلد قابوپانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمتیں بڑھنے سے عوام پر مزید بوجھ بڑھے گی اور ان کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وطن کور شیر پائو میںپی کے 60 شبقدر کے پارٹی وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

وفد میں ملتان خان،راحت شیر ، ملک اشفاق، اقرار خان، ملک خواجہ محمد اور ملک فدا محمد شا مل تھے۔ انہوں نے کہا کہ 85کلو آٹے کی بوری کی قیمت 4800اور20کلو فائن آٹا کے تھیلے کا بھائو 1050تک پہنچنے سے غریب عوام پر منفی اثرات مرتب ہوں نگے اور ان کی قوت خرید جواب دے گی۔ انہوںنے کہا کہ عوام کو غذائی اجناس کی ترسیل اور فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے،حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور توا نائیوں کو بروئے کار لا کر گندم کی نقل و حمل میں درپیش مشکلات حل کرے اور خیبر پختونخوا سمیت دیگر چھوٹے صوبوں کو ان کی ضرورت کے مطابق گندم کی فراہمی یقینی بنائے ۔

سکندر شیر پائو نے پیٹرولیم مصنو عات میں حکومت کی جانب سے حالیہ کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عام آدمی کو منتقل نہیں کیا جا رہا اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی پر تیل نہ خرید نے کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے پیدا شدہ غیر معمولی صورت حال میں پیٹرولیم مصنوعات میں مزید کمی کر کے عوام کو سہو لت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے بیشتر حصوںمیں پیٹرول پمپز گزشتہ تین دن سے بدستور بند ہیں اور پیٹرول نا پید ہو چکی ہے ،حکومتی انتظامیہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی بحران پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور حکومت کی نا اہلی اور انتظامی کمزوریوںکی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات بلیک میں فروخت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میںمزید 2روپے فی یونٹ کے اضافے کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے لیکن پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث بجلی کی قیمتوں میںبھی کمی کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا گیا تو غریب عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دھب جائیں گے اور ان کی زندگیاںمفلوج ہو جائیں گی۔ سکندر شیر پائو نے حکومت سے مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کے دوران خاص طور پر مزدوروں اور دہاڑی دار طبقے کیلئے امداد کی فراہمی یقینی بنائے اور ہر سطح پر ان کو ریلیف دے کیونکہ کورونا اور معاشی بربادی کا سب سے زیادہ بوجھ مزدور اور مخنت کش ہی برداشت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اور سیز پاکستانیوں کیلئے پروازوں کا اجراء خوش آئند ہے لیکن ان پروازوں کی تعداد انتہائی کم ہے ،پروازوں کی تعداد میں مزید اضافہ کے ساتھ ساتھ ہوائی سفر کے کرایوں میںبھی کمی کی جائے تاکہ مسافروں کو مالی مشکلات میں ریلیف مل سکے۔ انھوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہے اورانھوں نے ہر آڑے وقت میں حکومت کو سہارا دیا ہے لہٰذا اس حوالے صو بائی اور مرکزی حکومت کی مجرمانہ خاموشی کسی طور قابل برداشت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ہر مشکل وقت میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور باالخصوص پختونوں کا ساتھ دے گی اور ان کو تنہا نہیں چھو ڑے گی۔