م* ملک بھر کی لیبر تنظیموں نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی برطرفی کی شدید مذمت

ؒایک کروڑ نوکریاں دینے کے سہانے خواب دکھا کر اقتدار میں آنے والی تبدیلی سرکار نے آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں اور پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر سے اب تک لاکھوں ملازمین کو بیروزگار کیا جا چکا ہے، مشترکہ بیان

جمعرات 4 جون 2020 20:25

Eاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2020ء) ملک بھر کی لیبر تنظیموں نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو مزدور دشمن قرار دیتے ہوئے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے ۔ پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے صدر سید نذر حسین شاہ، سیکرٹری جنرل چوہدری ساجد گجر، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد، پیپلز یونٹی آف پی آئی اے کے صدر رمضان لغاری، پنجاب بینک ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد فاروق، ریڈیو پاکستان سی بی اے کے جنرل سیکرٹری محمد اعجاز، ایچ بی ایف سی ورکمین یونین پاکستان کے صدر راجہ پرویز اختر، سی ڈی اے لیبر یونین سی بی اے کے جنرل سیکرٹری امان اللہ خان، پی ڈبلیو ڈی اتحاد یونین کے صدر ذیشان شاہ، مری بروری ورکرز یونین کے راہنما سید واصف حسین شاہ، ریلوے محنت کش یونین کے ڈویڑنل صدر یونس خان کھٹڑ، سٹیٹ بینک پروگریسو لیبر یونین سی بی اے کے صدر افضل خٹک، میونسپل لیبر یونین کے راجہ عبدالمجید، کوکا کولا ورکرز یونین پاکستان کے صدر نصراللہ چوہان اور دیگر مزدور راہنمائوں نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے پاکستان اسٹیل ملز کے نوہزار پانچ سو کارکنوں کو ملازمتوں سے فارغ کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے موجودہ حکومت کا ایک مزڈور دشمن، ظالمانہ اور غیردانشمندانہ اقدام قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک مشترکہ بیان میں ان راہنمائوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کے سہانے خواب دکھا کر اقتدار میں آنے والی تبدیلی سرکار نے آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں اور پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر سے اب تک لاکھوں ملازمین کو بیروزگار کیا جا چکا ہے پی آئی اے اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن سمیت کئی اداروں میں لازمی سروس ایکٹ کے غیرقانونی نفاذ کے ذریعے ٹریڈ یونینز کے تنظیم سازی کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں جو آئین پاکستان اور عالمی ادارہ محنت کے توثیق شدہ کنونشنوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

اسٹیل مل کے کارکنوں کیلئے نام نہاد گولڈن شیک ہینڈ کا لولی پاپ کسی طرح بھی مستقل روزگار اور معاشی و سماجی تحفظ کا متبادل نہیں ہو سکتا حکومت مزدور دشمن اقدامات سے صنعتی امن تہہ و بالا نہ کرے۔ مزدور راہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مزدور و محنت کش طبقے کے آئینی و قانونی حقوق کی پاسداری کرے قومی اداروں کی نجکاری اور پاکستان اسٹیل ملز کی بندش اور ہزاروں ملازمین کو بیروزگار کرنے کے حالیہ فیصلے پر نظرثانی کرے اور آئندہ بجٹ میں تنخواہوں، اجرتوں اور پنشنوں میں کم از کم پچاس فیصد اضافے کے ساتھ ملک سے مہنگائی و بیروزگاری کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کا اعلان کیا جائے۔اعجاز خان