بلدیہ جنوبی کے ملازمین کی جلد میڈیکل انشورنس کرکے انہیں علاج معالجے کی سہولت دلوائی جائے گی، سید ذوالفقار شاہ

جمعرات 4 جون 2020 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2020ء) میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے صدر سید ذوالفقار شاہ کی زیر صدارت بلدیہ جنوبی کی یونینز، پیپلز یونائیٹڈ ورکرز یونین، پیپلز یونٹی آف ڈی ایم سی سائوتھ، سجن یونین اور یونائیٹڈ ورکرز یونین فرید اعوان گروپ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں جاوید بلوچ، نوشاد بلوچ، عبید بلوچ، اشرف اعوان، اسلم بزنجو، عباس احمد، اسلم خان، طارق جاوید، عباس علی، احمد علی، عذیر احمد اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر بلدیہ جنوبی کے ملازمین کو علاج معالجے کی سہولت کی فراہمی کیلئے میڈیکل انشورنس کو کونسل کی قرارداد کے ذریعے منظور کرواکر نافذ کرنے کے سلسلے میں تفصیلی بات چیت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ میڈیکل انشورنس کمپنی اور اکائونٹس آفیسر سے اس سلسلے میں مکمل شرائط اور تفصیلات کے بعد کونسل کی منظوری کیلئے چیئرمین بلدیہ جنوبی سے ملاقات کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سید ذوالفقار شاہ نے چیئرمین بلدیہ جنوبی ملک فیاض سے فون پر رابطہ کرکے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔ چیئرمین ملک فیاض نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ الائنس میں شامل یونینز متعلقہ کمپنی سے مطمئن ہوکر آجائیں کونسل فوری طور پر منظوری دے دی گئی۔ بلدیہ جنوبی کی انتظامیہ اپنے ملازمین کو جائز تمام سہولتیں دینے کیلئے کوشاں ہے۔ ملازمین ادارے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ تعاون کی یقین دہانی پر سید ذوالفقار شاہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :