جامعہ سندھ آن لائن تعلیم کیلئے طلباء کو سستے انٹرنیٹ پیکجز اور آن لائن روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں

وائس چانسلر کی زیرصدارت اہم آن لائن اجلاس، امریکا سے آئی ٹی ماہر کی خصوصی شرکت

جمعرات 4 جون 2020 22:22

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2020ء) جامعہ سندھ آن لائن تعلیم کیلئے طلباء کو سستے انٹرنیٹ پیکجز اور آن لائن روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں، وائس چانسلر کی زیرصدارت اہم آن لائن اجلاس، امریکا سے آئی ٹی ماہر کی خصوصی شرکت، پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ٹیکساس امریکا سے آئی ٹی ماہر اور انٹرنیشنل ٹیلی کام کمپنیوں کے کنسلٹنٹ ظفر بھٹو نے شرکت کرکے جامعہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، اجلاس میں علاقائی سطح پر نیٹ سگنلز کی سروے کروا کر پی ٹی سی ایل سمیت 3جی اور 4جی انٹرنیٹ سہولت فراہم کرنے والی کمپنیوں کا تعاون حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے آن لائن تعلیم کے سلسلے میں طلباء کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

طلباء کو انٹرنیٹ کے سستے پیکجز دلانے اور انہیں آن لائن روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ایک اہم آن لائن اجلاس شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ٹیکساس امریکا سے آئی ٹی ماہر اور انٹرنیشنل ٹیلی کام کمپنیوں کے کنسلٹنٹ ظفر بھٹو نے خصوصی طور پر شرکت کی اور جامعہ سندھ کی جانب سے آن لائن تعلیم شروع کرنے والے عمل کو بیحد سراہتے ہوئے جامعہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں پی ٹی سی ایل کے ڈھائی سو سینٹرز کام کر رہے ہیں، جہاں سے انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی مختلف ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ وہ بطور کنسلٹنٹ کام کر رہے ہیں، جن سے طلباء کیلئے انٹرنیٹ وائی فائی کے سستے پیکجز کا تعاون حاصل کیا جا سکتا ہے، اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پی ٹی سی ایل و دیگر انٹرنیشنل ٹیلی کام کمپنیوں کی مدد سے سندھ کے شہری و دیہی علاقوں کا سروے کیا جائے گا، جس میں یہ دیکھا جائے گا کہ کونسے علاقے میں کونسی کمپنی بہترین سگنلز کے ذریعے سروس فراہم کر رہی ہے اور اس کے تحت مختلف کمپنیوں کا تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کے ساتھ ان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، جنہیں انہوں نے ہمیشہ ایک جذبے کے تحت کام کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ ڈاکٹربرفت نے ہمیشہ چیلنجز قبول کیے ہیں اور ان میں کامیابی حاصل کرکے دکھائی ہے۔ آن لائن تعلیم بھی ایک بہت بڑا چیلنج ہے، جس کی کامیابی کیلئے ہم سب وائس چانسلر کے ساتھ ہیں۔ اجلاس میں طلباء کی مالی معاونت کیلئے انہیں گھر بیٹھے آن لائن روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا اور ظفر بھٹو نے اس سلسلے میں بھی جامعہ کے طلباء کی بھرپور مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی، پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے ظفر بھٹو کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ سندھ کے طلباء کی اکثریت غریب طبقے اور دور دراز دیہی علاقوںسے تعلق رکھتی ہے اور وہ ان کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔

ان مشکلات کے باوجود آن لائن تعلیم کے سلسلے میں طلباء کا جذبہ مثالی ہے اور وہ ان طلباء کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے خواہشمند ہیں تاکہ وہ باآسانی اپنا آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں اور اپنے آن لائن کلاسز اٹینڈ کر سکیں،یہ اجلاس اسی مقصد کی کڑی ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ بہت جلد ہم طلباء کو انٹرنیٹ کے سستے پیکجز کی سہولت دلائیں گے۔

اس کیلئے جامعہ کی جانب سے آن لائن رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ طلباء اپنے ای پورٹل اکائونٹ کی مدد سے رجسٹریشن کرائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم طلباء کو آن لائن روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی کوشاں ہیں تاکہ وہ پڑھائی کے بعد فارغ اوقات میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے مالی فائدہ حاصل کر سکیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ان کا روز اول سے یہ عہد کیا ہوا ہے کہ مالی مسائل کی بناء پر جامعہ کا کوئی بھی طالب علم اپنی تعلیم ادھوری نہیں چھوڑے گا۔

جامعہ اپنے وسائل اور اسکالرشپ دہندہ مختلف اداروں کے تعاون سے ان کی بھرپور مدد کرے گی، جو کی جا رہی ہے۔ گزشتہ تین برس کے عرصے میں جامعہ کے ہزاروں طلباء کی اسکالرشپ کے ذریعے مدد کی گئی ہے، یہ سلسلہ آئیندہ بھی جاری رہے گا۔ آن اجلاس میں انچارج ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی، ڈائریکٹر آئی ٹی سروسز سینٹرڈاکٹر یاسر عرفات ملکانی، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر الطاف نظامانی، ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس ڈاکٹر سمیرا عمرانی اور ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ذیشان بھٹی نے شرکت کی۔