Live Updates

سید مصطفی کمال کا اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے گولڈن شیک ہینڈ کے نام پر اسٹیل ملز کے 9350 ملازمین کی جبری برطرفی پر سخت ترین الفاظ میں مذمت

جمعرات 4 جون 2020 23:03

سید مصطفی کمال کا اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے گولڈن شیک ہینڈ کے نام ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2020ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے گولڈن شیک ہینڈ کے نام پر اسٹیل ملز کے 9350 ملازمین کی جبری برطرفی پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومتی فیصلے کو ہزاروں ملازمین کا معاشی قتل اور کراچی دشمنی قرار دیا ہے، سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے اسٹیل ملز کے پندرہ ہزار ملازمین کو واجبات ادا کرنے کے بجائے ان کو نوکریوں سے زبردستی فارغ کرنا سراسر ظلم ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پوری انتخابی مہم اداروں کی مضبوطی، قرضوں کے خاتمے اور معیشت کی بحالی پر چلائی تھی لیکن اب ایک ایک کر کے اداروں کو نجکاری کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

حکومت کا اسٹیل ملز کے ملازمین کو فارغ کرنے کے حالیہ اقدام نے ناکام معاشی پالیسی کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے سے پہلے اسٹیل ملز کے ملازمین سے وعدہ کیا تھا کہ وہ جیسے ہی وزیر اعظم بنیں گے ملازمین کے واجبات ادا کردیے جائیں گے لیکن افسوس وزیراعظم صاحب نے ایک بار پھر اپنے ہی وعدے سے یو ٹرن لیتے ہوئے ہزاروں ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان ہاؤس میں اسٹیل ملز کے ورکرز وفد سے بات کرتے ہوئے کہی۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ اب یہ واضح ہوتا جارہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کراچی دشمنی پر اتری ہوئی ہیں۔ ایک طرف کراچی والوں کو پہلے ہی نوکریاں اور تعلیمی مواقع سے محروم رکھا جا رہا تھا، سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت 115 افراد جو کمیشن ملا جس میں سے ایک بھی اردو بولنے والا نہیں، ایم ڈی اے کے 1600 ملازمین اور واٹر بورڈ کے ہزاروں ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جارہیں، طالبعلوں کے لیے وظائف کے اشتہارات میں باقاعدہ طور پر کراچی والے زحمت نا کریں لکھ دیا جاتا ہے تو دوسری جانب اب اسٹیل ملز کے ہزاروں ملازمین کو واجبات ادا کیے بغیر گولڈن شیک ہینڈ کے نام پر جبری برطرفی انکے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

یہ معاملہ صرف 9,235 ملازمین کا نہیں بلکہ ان سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کا ہے، حکومتی فیصلے سے ہزاروں خاندان شدید اضطراب کا شکار ہوچکے ہیں۔ پاکستان کو 70 فیصد ریونیو دینے والا شہر کراچی ہر گزرتے دن کیساتھ کمزور کیا جارہا ہے جو پاکستان دشمنی ہے اور ناقابل برداشت ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل قومی اہمیت اور حساس نوعیت کا ادارہ ہے، اسے بحال کرنے کے بجائے تمام ملازمین کو فارغ کرنا قومی مفادات کے خلاف ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ایس پی ہر مظلوم کی آواز ہے اور اسٹیل مل کے ملازمین کی جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسٹیل ملز کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو فاقہ کشی سے بچانے کے لیے ناصرف جائز واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں بلکہ ہزاروں ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ بھی فی لفور واپس لیا جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات