قطر ائیرویز نے پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کردیا

ائیرلائن کل سے لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کراچی کیلئے فلائٹس شروع کرے گی، پشاور ائیرپورٹ پر ہفتے میں چار اور باقی ائیرپورٹس پر روز ایک فلائٹ آپریٹ کرے گی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 4 جون 2020 23:33

قطر ائیرویز نے پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کردیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 جون2020ء) قطر ائیرویز نے پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ قطر ائیرلائن کل سے لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کراچی ائیرپورٹس کیلئے فلائٹس شروع کرے گی۔ ائیرلائن حکام کے مطابق پشاور ائیرپورٹ پر ہفتے میں چار اور باقی ائیرپورٹس پر روز ایک فلائٹ آپریٹ کرے گی۔ قطر ائیرویز نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہم بنکاک، بارسلونا، اسلام آباد، کراچی، پشاور، لاہور، ویانا اور سنگاپور تک اپنا نیٹ ورک بتدریج بحال کر رہے ہیں۔

اب قطر ائیروئیز پاکستان کیلئے خصوصی پروازیں چلائے گی۔ خیال رہے کہ چند روز قبل ائیرلاین کی جانب سے درخواست کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قطر ائیرلائن کو پاکستان میں خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دی تھی جس کے بعد ائیرلائن نے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اگلے ہی روز دوبارہ فلائٹس کی بحالی کو روک دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

البتہ اب قطر ائیرلائن نے فلائٹس بحال کردی ہیں اور کل پہلی خصوصی فلائٹ مسافروں کو لے کر پاکستان پہنچے گی۔

اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ائیر لائن نے بھی کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے ہفتہ وار پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایمریٹس ائیرلائن نے 8 جون 2020 سے دبئی کے لیے ہفتہ وار 14 شیڈول پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں کراچی سے یومیہ ایک پرواز، اسلام آباد سے ہر جمعرات دو پروازیں جب کہ لاہور سے پیر، منگل، جمعرات، جمعہ اور اتوار کو پروازیں روانہ ہوں گی۔

ایمریٹس ائیر لائن اپنے جدید بوئنگ 300-777 ای آر جہازوں کے ساتھ سفر کی سہولت پیش کرے گی،ان پروازوں میں صرف ان ہی مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی جو متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے نافذ کیے داخلے اور اہلیت کے قوانین پر پورے اترتے ہوں گے۔ ایمریٹس ائیر لائن پاکستان سے پرواز میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے ساتھ کارگو بھی دبئی لے کر جائے گی جبکہ دبئی سے پاکستان آنے والی پروازوں پر ائیرلائن کی جانب سے صرف کارگو کو لایا جائے گا۔