عالمی ادارہ صحت نے کورونا کی دوسری لہر کو پہلی سے زیادہ خطرناک قرار دیدیا

فی الحال وبا کا زور کم ہورہا ہے لیکن ستمبر میں موسمی نزلہ و زکام کے ساتھ کورونا کا دوسرا حملہ ہوسکتا ہے جو زیادہ جان لیوا ہوگا: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 4 جون 2020 23:45

عالمی ادارہ صحت نے کورونا کی دوسری لہر کو پہلی سے زیادہ خطرناک قرار ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 جون2020ء) عالمی ادارہ صحت نے کورونا کی دوسری لہر کو پہلی سے زیادہ خطرناک قرار دیدیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال ستمبر میں کورونا کی دوسری لہر آنے کا خدشہ ہے۔ ادارے کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ فی الحال وبا کا زور کم ہورہا ہے لیکن ستمبر میں موسمی نزلہ و زکام کے ساتھ کورونا کا دوسرا حملہ ہوسکتا ہے جو زیادہ جان لیوا ہوگا، ڈبلیو ایچ او یورپ کے صدر ہینس فلاک کے مطابق کچھ ممالک میں کورونا پر قابو پایا جارہا ہے اور وبا کم ہورہی ہے لیکن یہ خوشی کا نہیں احتیاط کا وقت ہے۔

خیال رہے کہ چہن کے شہر ووہان سے شروع ہونے والی وبا نے اس وقت پوری دنیا میں پنجے گاڑ رکھے ہیں۔ موذی کورونا وائرس کے مریضوں اور اس سے اموات میں دنیا بھر میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، یہ وباء کہیں تو شدت اختیار کر گئی ہے اور کہیں اس کا زور ٹوٹ چکا ہے یا کسی ملک میں اس کے اثرات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

(جاری ہے)

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 66لاکھ40ہزار 585ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 3 لاکھ 89ہزار 41 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 32 لاکھ 5ہزار 12مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 30لاکھ 45ہزار100مریض اب بھی اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے بیشترکی حالت تشویش ناک ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 9ہزار 142افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 19 لاکھ12ہزار 783ہو چکی ہے جبکہ6لاکھ 92ہزار 670کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 5لاکھ 90ہزار 562تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 32ہزار 568زندگیاں نگل چکا ہے۔