Live Updates

پانی کا مصنوعی بحران ختم نہ کرنے کی صورت میں پی ٹی آئی وومن ونگ کراچی کا احتجاج کرنے کا اعلان

جمعہ 5 جون 2020 00:25

کراچی۔ 4 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی ڈویژن وومن ونگ کی صدر فضا ذیشان نے کہا ہے کہ سازش کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کیا جارہا ہے ، محکمہ واٹر بورڈ کراچی میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کرے، بصورت دیگر تحریک انصاف کی خواتین ورکرز علاقہ خواتین کے ہمراہ احتجاج کے لیے واٹر بورڈ دفتر کا رخ کریں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو شہر میں پانی کی قلت کے حوالے سے جاری بیان میں کیا ہے ۔ پی ٹی آئی صدر وومن ونگ کراچی فضا ذیشان نے کہا کہ شہر کے بیشتر علاقے پانی سے محروم ہیں جس میں گلستان جوہر، گلشن اقبال، لانڈھی، کورنگی، نیو کراچی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کے مصنوعی بحران سے واٹر سپلائرز کی چاندی ہورہی ہے، پانی کی قلت سے گھروں میں کام کرنے والی خواتین بچے شدید گرمی میں پریشانی سے دوچار ہیں جبکہ اس مشکل میں واٹر ٹینکر، سپلائرز عوام کی مجبوری کا فائدہ اٹھارہے ہیں اور عوام پانی خریدنے پر مجبور ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ پانی کی قلت کا نوٹس لے اور پانی کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں ،بصورت دیگر ہم احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات