امریکہ میں سیاہ فام شہری کے قتل کے خلاف مظاہرے، فوجی طاقت کے استعمال پر سابق امریکی وزیر دفاع کی شدید تنقید

ڈونلڈ ٹرمپ میری زندگی میں وہ پہلے صدر ہیں جو امریکیوں کو متحد کرنے کی بجائے انہیں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جیمز میٹِس

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 5 جون 2020 04:14

امریکہ میں سیاہ فام شہری کے قتل کے خلاف مظاہرے، فوجی طاقت کے استعمال ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون 2020ء) امریکہ میں سیاہ فام شہری کے قتل کے خلاف مظاہرے، فوجی طاقت کے استعمال پر سابق امریکی وزیر دفاع کی شدید تنقید۔ ڈونلڈ ٹرمپ میری زندگی میں وہ پہلے صدر ہیں جو امریکیوں کو متحد کرنے کی بجائے انہیں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق امریکی وزیر دفاع جیمز میٹِس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ فوج اور سول سوسائٹی کے درمیان خواہ مخواہ محاذ آرائی پیدا کر رہے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق جیمز میٹِس نے کہا کہ شہریوں کے آئینی حقوق کو طاقت سے پامال نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ جس انداز سے نسلی امتیاز کے مسئلے سے نمٹ رہے ہے مجھے اس پر غصہ اور حیرت ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق جیمز میٹِس 2018ء تک واشنگٹن میں امریکی فوج کے ہیڈ کوارٹر پینٹاگون کے سربراہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صدر ٹرمپ کی طرف سے شام سے امریکی فوجیں نکالنے کے فیصلے پر وزارت دفاع سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ لوگوں کو تقسیم اور اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ 
جیمز میٹِس نے کہا ڈونلڈ ٹرمپ میری زندگی میں وہ پہلے صدر ہیں جو امریکیوں کو متحد کرنے کی بجائے تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ میں سفید فام پولیس والوں کے ہاتھوں سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے بعد ملک کے چالیس سے زائد شہروں میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔ پچھلے نو دن کے دوران عوامی مظاہروں میں روبروز شدت دیکھنے میں آ رہی ہے جبکہ کئی شہروں میں نسلی تعصب کے خلاف غم و غصے کی لہر میں ہنگامے اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔