سعودی اسپتالوں کے سرد خانے میتوں سے بھرے پڑے ہیں: پاکستانی سفیر کا انکشاف

پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا کہ میتوں کو محفوظ نہ کرنے کے حوالے سے پاکستانی سفارت خانے کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 5 جون 2020 10:08

سعودی اسپتالوں کے سرد خانے میتوں سے بھرے پڑے ہیں: پاکستانی سفیر کا انکشاف
 جدہ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 جون 2020ء) سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے اسپتالوں میں سرد خانے میتوں سے بھرے پڑے ہیں۔ پاکستانی سفارت خانہ میتوں کے حوالے سے کام کر رہا ہے۔جہاں پر بھی پاکستانی کی میت ہوتی ہے اسے محفوظ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ پاکستانی سفارت خانے کا پورا عملہ مسائل کو حل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

راجا علی اعجاز نے اس ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستانی سفارت خانے کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ اس بے بنیاد پراپیگنڈے میں یہ کہا جا رہاہے کہ پاکستانیوں کی میتیں گھروں میں پڑی ہیں، انہیں دیکھنے والا کوئی نہیں اور سفارت خانہ اس معاملے سے لاعلمی کا اظہار کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات بالکل غلط ہے۔ جو کچھ بھی ہو رہا ہے، وہ سفارت خانے کے علم میں ہے۔

ہمارا عملہ ہر اس جگہ پر بروقت پہنچنے کی کوشش کرتا ہے، جہاں پر بھی کسی پاکستانی کی میت ہوتی ہے۔ اور پھر اسے کسی سرد خانے میں منتقل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تاکہ میت کی بے حُرمتی نہ ہو اور وہ محفوظ رہے۔ مگر مسئلہ یہ ہے کہ سعودی عرب کے تمام نجی اور سرکاری مردہ خانے میتوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ وہاں پر میت رکھنے کی گنجائش نہیں ہوتی۔ تاہم جیسے ہی گنجائش بنتی ہے، تو ہمارے پاکستانی بھائی کی میت وہاں پر منتقل کر دی جاتی ہے۔

اس میں تھوڑا سا وقت لگ جاتا ہے۔یہ صورت حال اب بنی ہے، وبا سے پہلے ایسی مشکل پیش نہیں آتی تھی۔ اس وقت کی وجہ سے کسی شخص یا دفتر کو الزام نہیں دینا چاہیے۔وبا سے پہلے مردہ خانوں میں بہت گنجائش ہوتی تھی۔ تاہم وبا کی وجہ سے تیزی سے ہونے والی اموات کے باعث میتوں کو بروقت مردہ خانوں میں منتقل کرنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔2 جون کو 20 میتیں پاکستان بھجوائی گئیں جبکہ 6 جون کو قومی ایئر لائن کے ذریعے بھی اتنی ہی میتیں پاکستان روانہ کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ مزید پروازوں کے ذریعے بھی پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس بھجوائی جائیں گی۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی سفارت خانے کے بارے میں کیا جانے والا پراپیگنڈہ بالکل بھی حقیقت پر مبنی نہیں ہے ، درحقیقت یہ سفارت خانے اور اس کے عملے کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔ پاکستانی کمیونٹی اس منفی پراپیگنڈے پر کان نہ دھرے۔ پاکستانی سفارت خانہ میتوں کو محفوظ بنانے کے سلسلے میں اپنا کام بھرپور طریقے سے کر رہا ہے۔