ملک میں کوچنگ کے شعبے کو بہتر بنائے بغیر کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے، قومی کوچ رفیق احمد

جمعہ 5 جون 2020 12:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) قومی اتھلیٹکس کوچ رفیق احمد نے کہا ہے کہ ملک میں کوچنگ کے شعبے کو بہتر بنائے بغیر میں کسی بھی کھیل کی ترقی ناممکن ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اتھلیٹکس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی اور ان کی ٹیم ہر ممکن کوشش کر رہی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی ترقی کے لئے حکومت کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی اتھلیٹ کسی سے کم نہیں بلکہ وسائل کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پھر بھی ہمارے کھلاڑی کم وسائل کے باجود بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی کے لئے تعلیمی اداروں کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے لیکن اس وقت تعلیمی اداروں میں حکومت کی جانب سے کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن اکیلی کچھ نہیں کرسکتی جب تک حکومت ساتھ نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن سال میں باقاعدگی سے قومی سینئر، یوتھ اور جونیئر چیمپئن شپ کے الگ الگ مقابلے کروانے کے علاوہ کوچنگ کورسز کا بھی انعقاد کرتی ہے لیکن حکومت کی جانب سے سالانہ گرانٹ بہت کم ملتی ہے جس میں ایک ایونٹ بھی کروانا مشکل ہوتا ہے۔ سابق قومی چیمپئن اور انٹرنیشنل اتھلیٹ رفیق احمد نے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی کی ملک میں اتھلیٹکس کے کھیل کی ترقی کے لئے کاوشوں اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی دن رات محنت سے ان تمام ایونٹس کا کامیاب انعقاد ہوتا ہے۔

کوچنگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوچنگ کے شعبے کو بہتر بنانے کے لئے کوالیفائیڈ کوچز کی خدمات بہت ضروری ہوتی ہیں۔ اکرم ساہی پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر ہونے کے ساتھ ساتھ سائوتھ ایشین اتھلیٹکس فیڈریشن کے چیئرمین بھی ہیں نے اپنی ذاتی کاوشوں سے رواں سال اپریل میں کورونا وائرس کے باعث آن لائن سیف اتھلیٹکس ٹیکنیکل آفیشلز کورس اور سیمینار کا کامیاب انعقاد کروایا، جس میں پاکستان سمیت نیپال، بھوٹان، مالدیپ، سری لنکا، افغانستان، بنگلہ دیش اور بھارت کے 800 سے زائد شرکاء نے حصہ لیا۔

اس کورس میں پاکستان کے دس ٹیکنیکل آفیشلز نے شرکت کی، ان شرکاء کو دنیا بھر سے تجربہ کار لیکچرارز نے آن لائن لیکچرز دیئے، جس سے پاکستانی ٹیکنیکل آفیشلز کو نئی نئی ٹیکنیکس اور نئے قوانین سے آگاہی حاصل ہوئی۔ کورونا وائرس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا پریشان ہے اور اس سے بچنے کے لئے کھلاڑی سماجی فاصلوں کا خیال رکھیں اور حکومتی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنی تربیت اور فٹنس پر توجہ دیں تاکہ ان کی قوت مدافعت میں اضافہ ہو۔ واضح رہے کہ پاکستان واپڈا سے تعلق رکھنے والے کوچ رفیق احمد نے قومی چیمپئن ہونے کے ساتھ ساتھ کئی بین الاقوامی سطح پر چاندی اور کانسی کے میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔