کورونا کا شکار لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ صحت یاب ہوگئے

14 دن آئسولیشن میں رہنے کے بعد کورونا ٹیسٹ نیگٹیو آیا، اللہ کے کرم سے صحت یاب ہو گیا ہوں، لیگی رہنما

Khurram Aniq خُرم انیق جمعہ 5 جون 2020 13:08

کورونا کا شکار لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ صحت یاب ہوگئے
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-05جون2020ء) کورونا کا شکار لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ صحت یاب ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 14 دن آئسولیشن میں رہنے کے بعد کورونا ٹیسٹ نیگٹیو آیا، اللہ کے کرم سے صحت یاب ہو گیا ہوں۔ ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لیگی رہنما نے ان تمام لوگوں کو شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ان کے لئے دعا کی تھی۔

خیال رہے کہ رہنما مسلم لیگ ن عطااللہ تارڑ میں 21 مئی کو کورونا کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے پیغام جاری کرتے ہوئے ان تمام لوگوں کو احتیاط کرنے کی تلقین کی تھی جن سے وہ رابطے میں تھے۔ کورونا کی تصدیق ہونے کے بعد لیگی رہنما نے خود کو آئسولیٹ کر لیا تھا جس کے بعد آج 14 دن آئسولیشن میں مکمل کرنے کے بعد وہ صحت یاب ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کوروناو ائرس نے پاکستان میں عام شہریوں کے علاوہ اب سیاسی رہنماؤں کو بھی کورونا سے متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثرہ ہونے والے سیاستدانوں میں سے بیشر صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ جمعیت علما اسلام کے رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق گورنر سید فضل آغا کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ اس کے علاوہ متاثرہونے والوں میں سعید غنی سب سے پہلے سیاستدان ہیں جو کورونا سے متاثر ہوئے تھے، ان کے بعد گورنر سندھ جیسے شخصیات بھی کورونا کا شکار ہو چکی ہیں۔

تمام سیاسی شخصیات نے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد وہ تمام صحت یاب ہوتے جا رہے ہیں۔ سیاسی شخصیات کی جانب سے عوام کو اپنی مثال کے ذریعے پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ بھی ان احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے اس مہلک وائرس سے بچ سکتے ہیں۔ لیگی رہنما نے بھی آئسولیشن اختیار کر کے یہی پیغام دیا ہے کہ اگر احتیاط کی جائے تو کورونا سے نجات پائی جا سکتی ہے۔ پاکستان میں کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 89,249 ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1838 تک پہنچ گئی ہے۔