ْ عدالت کا گلوکارہ صنم ماروی کے تین بچوں کی بازیابی کے لئے باپ سے لیکر ماں کے حوالے کرنے کا حکم

جمعہ 5 جون 2020 13:45

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے فوک گلوکارہ صنم ماروی کی سابق خاوند سے تین بچوں کی بازیابی کے لئے دائر درخواست پر تینوں بچوں کو باپ کی تحویل سے لیکر ماں کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امیر بھٹی نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے جوہر ٹاون کی رہائشی صنم ماروی کی درخواست نمٹادی اور معاملہ گارڈین کورٹ بھجواتے ہوئے فریقین کو سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت بھی کردی، درخواست گزار صنم ماروی نے موقف اختیار کیا کہ حامد علی سے شادی کی جس سے چار بچے پیدا ہوئے، گھریلو ناچاقی کی وجہ سے خاوند سے انیس فروری 2020 ء میں خلع لے لی، اس وقت تین بچے بہلول علی، وردہ علی اور علی مصطفیٰ سابق خاوند کی تحویل میں ہیں۔

عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ عدالت تینوں بچے باپ کی تحویل سے لے کر ماں کے حوالے کرنے کا حکم دے۔