دارالامان میں مقیم خواتین کومقدمات کی سماعت کیلئے عدالتوں میں نہ لے جانے کا فیصلہ

جمعہ 5 جون 2020 15:28

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) کورونا وائرس کے باعث دارالامان میں مقیم خواتین کے مقدمات کی سماعت اب عدالتوں کی بجائے دارالامان کے اندر ہی ہو گی اور دارالامان کی انچارج کو یہ اختیار دے دیا گیا ہے کہ وہ تمام قانونی کارروائی کے بعد خواتین کو ورثاء کے ساتھ جانے کی اجازت دے سکتی ہیں تاہم تمام صورتحال سے پہلے عدالت کو آگاہ کیا جائے گا اور فیصلے کی حتمی منظوری عدالت ہی دے گی ۔

اس سلسلے میں دارالامان ملتان کی سپریٹنڈنٹ ثناء جاوید نے بتایا کہ خواتین کو مقدمات کی پیشیوں کے لیے عدالتوں میں لے جانا خطرناک تھااور دوسری جانب عدالتوں میں بھی محدود سٹاف کام کر رہا تھا ۔ ثناء جاوید نے مزید کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے خواتین کو اپنے مقدمات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالت کی جانب سے ادارے کو معاملات کا فیصلہ کرنے کا جو اختیار دیا گیاہے ۔

اس کے بعد ہم نے کیس تیزی سے نمٹانے شروع کر دیئے ہیں ۔ آج جمعہ کے روز یہاں مقیم ایک خاتون کا کیس نمٹا یاجا رہا ہے ۔ اس وقت ادارے میں 14خواتین اور 3بچے رہائش پذیر ہیں ۔ دارالامان میں صرف ضروری سٹاف کام کر رہا ہے ۔روزانہ کی بنیاد پر سٹاف ممبران کی ڈیوٹیاں لگائی جا رہی ہیں تاکہ ایس اوپیز کے مطابق رش بھی نہ ہو اور کام بھی چلتا رہے ۔