لاہور، کورونا کےتشویشناک مریضوں کو لگائے جانے والا ایکٹیمرا انجکشن مارکیٹ سے غائب

انجکشن مہنگا ہونے کے باعث پہلے بھی مارکیٹ میں بہت کم دستیاب تھا تاہم مریضوں کے علاج میں یہ انجکشن مفید ثابت ہوا ہے، سی او او میو اسپتال ڈاکٹر اسد اسلم

Khurram Aniq خُرم انیق جمعہ 5 جون 2020 14:55

لاہور، کورونا کےتشویشناک مریضوں کو لگائے جانے والا ایکٹیمرا انجکشن ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-05جون2020ء) لاہور میں کورونا کےتشویشناک مریضوں کو لگائے جانے والا ایکٹیمرا انجکشن مارکیٹ سے غائب ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے سی او او میو اسپتال ڈاکٹر اسد اسلم کا کہنا تھا کہ انجکشن مہنگا ہونے کے باعث پہلے بھی مارکیٹ میں بہت کم دستیاب تھا تاہم مریضوں کے علاج میں یہ انجکشن مفید ثابت ہوا ہے۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر اسد اسلم کا کہنا تھا کہ ہم نے 25 انجکشن منگوائے تھے، چونکہ یہ پاکستان میں تیار نہیں ہوتا، اس لئے اسے دوبارہ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ساتھ ہی ساتھ ڈاکٹر اسداسلم کی جانب سے یہ تسلی بھی دی گئی ہے کہ وہ میڈیکل فرمز سےرابطہ میں ہیں آئند ہ کچھ روز میں نیا سٹاک آ جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا کے مریضوں پر ملیریا کے مریضوں کو دی جانے والی دوائی کا استعمال بھی کیا جاتا رہا ہے، تا ہم بعد میں اس طریقہ علاج کو روک دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کورونا کے مریضوں پر مختلف علاج کے طریقوں کا تجزیہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد ابھی تک کوئی بالکل موثر علاج سامنے نہیں آیا۔

پاکستان کی بات کی جائے تو پاکستان میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے بعد حالات کشیدگی کی جانب جانے کے واضح امکانات موجود ہیں۔ اس حوالے سے اگر کورونا کے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد کی بات کی جائے تو ابھی تک پاکستان میں مریضوں کی تعداد 89,249 ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1838 تک پہنچ گئی ہے۔ ان بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹروں کی جانب سے بار بار حکومت سے لاک ڈاؤں کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے وبا پھیلنے کے ابتدائی دنوں میں لاک ڈاؤں کر دیا تھا لیکن بعد میں عید سے قبل لاک ڈاؤں کو ختم کر دیا تھا جس کے بعد اب مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔