پی آئی اے کی بد انتظامی ناقابل معافی ہے،ماہرہ خان

زین پولانی کے ایک بچے کی لاش حکام کی نااہلی کے باعث 11 دن قبل کسی اور خاندان کے سپرد کر دی گئی تھی

جمعہ 5 جون 2020 15:39

پی آئی اے کی بد انتظامی ناقابل معافی ہے،ماہرہ خان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی قومی ائیر لائن (پی آئی ای) کی بد انتظامی ناقابل معافی ہے۔گزشتہ دنوں پی آئی اے کی بد قسمت پرواز پی کے 8303 میں اپنے خاندان کو کھو دینے والے زین پولانی کے ایک قریبی عزیز نے حال ہی میں ایک ٹوئٹ کیا جس میں انھوں نے اداروں کی کارکردگی کی نااہلی کے بارے بتایا۔

کمیل پولانی نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ زین پولانی کے دو بچوں کی نماز جنازہ اور تدفین ہو گئی ہے جبکہ ان کے ایک بچے کی لاش حکام کی نااہلی کے باعث 11 دن قبل کسی اور خاندان کے سپرد کر دی گئی تھی جسے اس خاندان نے دفنا بھی دیا۔کمیل پولانی نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان، پی آئی اے اور مرتضیٰ وہاب کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاملے پر سخت تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

کمیل پولانی کے اس ٹوئٹ پر اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ پی آئی اے کی بد انتظامی نا قابل معافی ہے، یہ لواحقین کے خاندان کے لیے کبھی نہ ختم ہونے والا بھیانک خواب ہے۔خیال رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز لینڈنگ کے دوران آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار عملے کے 8 ارکان سمیت 97 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔