رمضان شوگر ملز کیس‘ فرد جرم عائد کرنے کیلئے شہباز اور حمزہ 11 جون کو طلب

جمعہ 5 جون 2020 16:00

رمضان شوگر ملز کیس‘ فرد جرم عائد کرنے کیلئے شہباز اور حمزہ 11 جون کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو فرد جرم کی کاروائی کے لیے ذاتی حیثیت میں 11 جون کو طلب کرلیا۔احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چوہدری نے رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی ۔اس موقع پر کورونا وائرس کے باعث اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش نہ کیا گیاجبکہ شہباز شریف بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے جس کے باعث حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔

بعد ازاں عدالت نے رمضان شوگر ملز میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے گیارہ جون کو طلب کرلیا ہے۔عدالتی نے تحریری فیصلے میں واضح کیا کہ رمضان شوگر ملز ریفرنس لمبے عرصے سے فرد جرم عائد کئے بغیر ملتوی ہو رہا ہے،اس لئے سپرنٹنڈنٹ جیل آئندہ تاریخ سماعت پر ملزم حمزہ شہباز کی پیشی یقینی بنائیں اگر حکم پر عملدرآمد نہ کیا تو متعلقہ افسروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب آشیانہ ریفرنس پر ملزمان کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور شہباز شریف کے شریک ملزم شاہد محمود کے وانٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 4 ماہ میں ریفرنس کا ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دے رکھا ہے، لہذا آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کی پیشی کو یقینی بنایا جائے تاخیر کس صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔عدالت نے آشیانہ کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف گواہوں کو طلب کرلیا۔