Live Updates

اسٹیل ملز کو اربوں کا خسارہ ماضی کی حکومتوں نے دیا، سید بھاشانی شاہ

جمعہ 5 جون 2020 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سندھ لیبر فیڈریشن کے صوبائی چیئرمین سید بھاشانی شاہ نے کہا ہے کہ اسٹیل ملز کو اربوں روپے کا خسارہ ماضی کی حکومتوں نے دیا، ایک منافع بخش ادارے کو پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں کی نا اہلی اور ناقص پالیسیوں نے تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو تقریبا ساٹھ ارب روپے تنخواہوں کی مد میں مل بند ہونے کے باجود ادا کیے جا چکے ہیں ، وفاقی حکومت نے اسٹیل ملز کو چلانے کی بھرپور کوشش کی تا کہ اسٹیل ملز کو دوبارہ منافع بخش ادارہ بنایا جاسکے لیکن ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے معاملات اس قدر گھمبیر ہوچکے ہیں کہ اسٹیل ملز کو دوبارہ سیدھا کرنے کے لیئے ایک لمبا عرصہ درکار ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف ہائوس میں لیبر فیڈریشن کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا، سید بھاشانی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اسٹیل ملز کے ملازمین کی پریشانیوں کو حل کرنے کے لیئے ہر ملازم کو تین سال کی تنخواہ ایڈوانس میں ادا کر رہے ہیں کیونکہ اس وقت ادارے کے معاملات کو مزیدچلانے سے حکومت پر بوجھ پڑیگا، اسٹیل ملز کے ملازمین کو حکومت تنہا نہیں چھوڑ رہی بلکہ ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیئے اقدامات کررہی ہے، کرونا وائرس کیوجہ سے پوری دنیا سمیت پاکستان کے معاشی معاملات بھی کافی متاثر ہوئے ہیں ، اپوزیشن اسٹیل ملز کے نام پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، آج کی اپوزیشن ہی ماضی کی حکومت تھی، ان کی ناقص کارکردگیوں اور نا اہلیوں کی وجہ سے اسٹیل ملزکا یہ حال ہے، اب وہ کس منہ سے تحریک انصاف پر تنقید کر رہے ہیں ، اسٹیل مل کے بقایا جات ہمارے دور حکومت کے نہیں ہیں بلکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے دور کے ہیں، انہوں نے مزیدکہا کہ نو از شریف نے اپنی اسٹیل ملوں کو کامیاب کرنے کے لیئے اسٹیل ملز کو برباد کیا جبکہ زرداری اور اس کے لوگوں نے کرپشن اورلوٹ مار کر کے اسٹیل ملز کے ملازمین کو فاقوں اور مل کو خسارہ کی سطح تک پہنچایا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات