بھینس کالونی آتشزدگی سے کیٹل فارمرز مالی بحران کا شکار ہیں،محمد فیصل

حکومت فوری طور پر متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کرے،نائب صدر کریڈو ویلفیئر ایسوسی ایشن

جمعہ 5 جون 2020 16:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) کریڈو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور معروف سماجی رہنما محمد فیصل نے بھینس کالونی کے علاقے میں باڑوں میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کروڑوں روپے کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر متاثرین کی مالی امداد کرے ۔جمعہ کو جاری بیان میں محمد فیصل نے کہا کہ بھینس کالونی میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں باڑہ مالکان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔

فارمرز کے مطابق آگ لگنے سے ڈھائی سو کے قریب باڑے جل گئے ہیں جبکہ متعد د بھینسیں بھی مرگئی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ان کیٹل فارمرزکا شہر میں بلارکاوٹ دودھ اور گوشت کی فراہمی میں اہم کردار ہے ۔اس بھاری نقصان کی وجہ سے وہ شدید مالی بحران کا شکار ہوگئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ آگ پر فوری قابو نہ پانے کے حوالے سے بھی بہت سے خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔باڑہ مالکان اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے اور فائر بریگیڈ تاخیر سے علاقے میں پہنچی جس کی وجہ سے نقصان میں اضافہ ہوا ،سرجانی بھینس کالونی میں ہونیوالی تباہی کی ذمہ دار انتظامیہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ متاثرین کی کل کائنات جل کر راکھ ہوچکی ہے ۔حکومت فوری طور پر متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کرے ۔

متعلقہ عنوان :