وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے میں 10 جون کے لئے پیروی کا نوٹس جاری

بابر اعوان مشیر بننے کے بعد مقدمے میں پیروی نہیں کرسکتے، عمران خان کوذاتی حیثیت میں پیروی کا نوٹس جاری کیاجائے‘ درخواست میں موقف

جمعہ 5 جون 2020 16:35

وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے میں 10 جون کے لئے پیروی کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے میں 10 جون کے لئے پیروی کا نوٹس جاری کر دیا گیا ۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج لاہور محمد سہیل انجم نے شہبازشریف کی درخواست پر نوٹس جاری کیا ۔شہبازشریف نے 10ارب کا الزام عائد کرنے پر عمران خان کے خلاف ہرجانے کے مقدمے کی جلد سماعت کی درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ڈاکٹر بابر اعوان مشیر بننے کے بعد مقدمے میں پیروی نہیں کرسکتے، عمران خان کوذاتی حیثیت میں پیروی کا نوٹس جاری کیاجائے۔تین سال سے مقدمہ کی سماعت جاری ہے لیکن عمران خان نے تحریری جواب تک جمع نہیں کرایا،60 سماعتوں میں 33 مرتبہ عمران خان نے التواء کی درخواستیں دائر کیں،عدالتی آرڈر شیٹ عمران خان کے غیرسنجیدگی اور لاپرواہ رویہ کا منہ بولتاثبوت ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ4 جون کو پھر التوا ء کی درخواست کی گئی کہ عمران خان کے وکیل بابر اعوان کورونا کی وجہ سے اسلام آباد سے لاہور نہیں آسکتے،عمران خان کے وکیل کی طرف سے عدالت کے سامنے یہ بیان دروغ گوئی اور جھوٹی گواہی کے مصداق ہے،بابر اعوان کو 8 اپریل کو عمران خان کامشیر پارلیمانی امور مقرر کیاگیا ،لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز رولز 1976کے تحت کسی اور شعبہ یا نوکری اختیار کرنے پر وکالت کا سرٹیفکیٹ معطل ہوجاتا ہے،تقرری کے ایک ماہ تک پیشہ کی تبدیلی سے آگاہ نہ کرنے والا وکیل مس کنڈکٹ کا مرتکب ٹھہرتا ہے،پروفیشنل مس کنڈکٹ کے مرتکب وکیل کا نام وکلاء کی فہرست سے ہٹادیاجاتا ہے۔

استدعا ہے کہ عمران خان کے نائب وکیل کو عدالت میں جھوٹی گواہی پر جرمانہ کیاجائے۔یاد رہے کہ اس سے قبل عمران خان کے خلاف ہتک عزت اور ہرجانے کے مقدمے کی سماعت 22 جون کو مقرر کی گئی تھی تاہم اب شہباز شریف نے جلد سماعت کی درخواست مقرر کی ہے۔