سابق وفاقی وزیرصحت سائرہ افضل تارڑ کورونامیں مبتلا

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا

Khurram Aniq خُرم انیق جمعہ 5 جون 2020 16:26

سابق وفاقی وزیرصحت سائرہ افضل تارڑ کورونامیں مبتلا
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-05جون2020ء) سابق وفاقی وزیرصحت اور ن لیگ کی مرکزی رہنما سائرہ افضل تارڑ کورونامیں مبتلا ہو گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ اس سے قبل آج ہی سائرہ افضل تارڑ کے بھتیجے اور رہنما مسلم لیگ ن عطااللہ تارڑ کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ کچھ دیر قبل عطااللہ تارڑ نے اپنے پیغام میں اپنی صحت یابی کی خبر دی تھی لیکن اب انہیں کے خاندان کی ایک اور سیاسی شخصیت رہنما مسلم لیگ ن سائرہ افصل تارڑ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ کوروناو ائرس نے پاکستان میں عام شہریوں کے علاوہ اب سیاسی رہنماؤں کو بھی کورونا سے متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثرہ ہونے والے سیاستدانوں میں سے بیشر صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ جمعیت علما اسلام کے رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق گورنر سید فضل آغا کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ اس کے علاوہ متاثرہونے والوں میں سعید غنی سب سے پہلے سیاستدان ہیں جو کورونا سے متاثر ہوئے تھے، ان کے بعد گورنر سندھ جیسے شخصیات بھی کورونا کا شکار ہو چکی ہیں۔

تمام سیاسی شخصیات نے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد وہ تمام صحت یاب ہوتے جا رہے ہیں۔ سیاسی شخصیات کی جانب سے عوام کو اپنی مثال کے ذریعے پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ بھی ان احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے اس مہلک وائرس سے بچ سکتے ہیں۔ لیگی رہنما نے بھی آئسولیشن اختیار کر کے یہی پیغام دیا ہے کہ اگر احتیاط کی جائے تو کورونا سے نجات پائی جا سکتی ہے۔ پاکستان میں کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 89,249 ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1838 تک پہنچ گئی ہے۔