پاکستان نیوی سٹاف کورس کا 49واں کانووکیشن، 93 افسران کو میری ٹائم وار اسٹڈیز میں ماسٹرز کی اسناد تفویض کی گئیں

جمعہ 5 جون 2020 18:12

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) پاکستان نیوی سٹاف کورس کے 49ویں کانووکیشن کی تقریب کا انعقاد پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں ہوا۔ کمانڈر سینٹرل پنجاب اور کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل محمد زبیر شفیق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں کٴْل 93 افسران کو میری ٹائم وار اسٹڈیز میں ماسٹرز کی اسناد تفویض کی گئیں جن میں سے 60 کا تعلق پاک بحریہ، 3 پاک آرمی اور 5 کا پاکستان ایئر فورس سے ہے جبکہ 25 افسران کا تعلق دوست ممالک بشمول بنگلہ دیش، چین، مصر، انڈونیشیا، عراق، اردن، ملائیشیا، مالدیپ، میانمار، عمان، فلسطین، سعودی عرب، نائیجیریا، سوڈان، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات سے ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے فارغ التحصیل ہونے والے افواج پاکستان اور دوست ممالک کے افسران کو مبارکباد دی اور انہیں کوویڈ۔

(جاری ہے)

19 کے بعد کی دنیا کے تبدیل شدہ حالات کیلئے تیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود جنگی صلاحیتوں پر سمجھوتہ کئے بغیر آپریشنل امور سر انجام دینے ہوں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور دوست ممالک کے درمیان موجود برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج نے 41 ہفتوں پر مشتمل کورس کی تفصیلات پیش کیں اور شرکاء کی مختلف پیشہ وارانہ اور علمی سر گرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔